Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاکھوں روپے کے سامان کی سمگلنگ، کراچی ایئرپورٹ سے خاتون گرفتار

پاکستان کسٹمز کے مطابق ’دبئی سے کراچی پہنچنے والی خاتون گرین چینل کو استعمال کرتے ہوئے لانج سے باہر جانے کی کوشش کر رہی تھیں۔‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کسٹمز نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر خاتون کے ذریعے 96 لاکھ روپے مالیت کے موبائل فونز، گھڑیاں، الیکٹرانک آئٹمز سمیت دیگر سامان سمگل کرنے کے کوشش ناکام بنا دی ہے۔
ترجمان پاکستان کسٹمز عرفان حسین کے مطابق ایئربلو کی پرواز پی اے 111 کے ذریعے دبئی سے کراچی پہنچنے والی خاتون مسافر سے 96 لاکھ روپے مالیت کا سامان برآمد کیا گیا ہے، جو غیرقانونی طریقے سے پاکستان لایا گیا تھا۔
انہوں نے واقعہ کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ ’دبئی سے کراچی پہنچنے والی خاتون گرین چینل کو استعمال کرتے ہوئے لانج سے باہر جانے کی کوشش کر رہی تھیں۔ گرین چینل پر تعینات عملے نے شک کی بنیاد پر خاتون مسافر کے سامان کی سکینگ کی تو ایک بڑے بیگ میں موبائل فونز، گھڑیاں، الیکٹرانک سامان سمیت برانڈڈ کاسمیٹکس آئیٹمز کی نشاندہی ہوئی۔‘
’عملے نے مذکورہ سامان کے حوالے سے خاتون سے پوچھ گچھ کی جس کا وہ تسلی بخش جواب نہ دے سکیں۔ جس کے بعد خاتون مسافر کو کسٹمز ایگزامینیشن کاونٹر پر منتقل کیا گیا اور ان کی موجودگی میں سوٹ کیس کھولا گیا جس سے چار عدد آئی فون 15، دو عدد ایپل میک بک، 25 ہینڈ بیگز، آٹھ برانڈڈ گھڑیاں اور 25 کلو برانڈڈ کاسمیٹکس برآمد ہوئے ہیں۔‘
ترجمان پاکستان کسٹمز عرفان حسین نے مزید کہا کہ برآمد شدہ اشیا کی مالیت 66 لاکھ روپے ہے، جس پر قابل ادائیگی ڈیوٹی ٹیکسز 30 لاکھ روپے بنتے ہیں جس سے برآمد شدہ اشیا کی کل مالیت 96 لاکھ روپے بنتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسافر خاتون نے یہ سامان دبئی سے کھیپیوں سے وصول کیا تھا۔ خاتون مسافر کے خلاف کسمٹز ایکٹ کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے۔

شیئر: