Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی آئی اے کی پروازیں منسوخ ہونے کے بعد نجی کمپنیوں نے ٹکٹ مہنگے کر دیے

صوبہ خیبر پختونخوا سے خلیجی ممالک جانے والی 5 پروازیں منسوخ ہوئیں۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے کا مالی بحران حل نہ ہو سکنے کے باعث پروازیں منسوخ ہونے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ دوسری جانب نجی ایئرلائنز کے ٹکٹوں کی قیمت میں اضافہ ہو گیا ہے۔
پیر کو ایندھن کی سپلائی نہ ہونے کی وجہ سے صوبہ خیبر پختونخوا سے خلیجی ممالک جانے والی 5 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔
ان پروازوں سے دوحہ، دبئی، شارجہ، ابوظہبی اور مسقط جانے والے سینکڑوں مسافر اپنی منزل پر بروقت نہیں پہنچ سکے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق 30 اکتوبر کو پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر قومی ایئر لائن کی شارجہ کے لیے پرواز پی کے 258، دبئی کے لیے پرواز پی کے 284، ابوظہبی کے لیے فلائیٹ پی کے 218 سمیت دیگر پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔
پشاور سے دبئی جانے والے مسافر امیر خٹک نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ چھٹیاں گزارنے آئے تھے جو 28 اکتوبر کو ختم ہو گئی تھیں لیکن ابھی تک واپس نہیں جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے کی دبئی جانے والی یہ تیسری پرواز منسوخ کی گئی ہے۔
امیر خٹک کے مطابق پاکستان میں ایک ماہ کی چھٹیاں گزارنے کے بعد انہوں نے 24 تاریخ کو کراچی سے دبئی جانا تھا لیکن کراچی سے پروازیں مسلسل کینسل ہونے کی وجہ سے پشاور سے ٹکٹ بک کرائی۔
’کراچی سے 26 تاریخ کو پشاور پہنچے اور جب 30 اکتوبر کو روانگی کے لیے ایئرپورٹ پہنچے تو معلوم ہوا کہ ہماری فلائیٹ کینسل ہوگئی ہے۔ پی آئی اے سے فلائیٹ روانگی کا معلوم کر رہے ہیں تو وہ کہتے ہیں جہاز چلانے کے لیے تیل نہیں ہے، ایندھن ملے گا تو فلائیٹ جائے گی۔‘ 

نجی کمپنیوں نے اندرون ملک ٹکٹوں کی قیمت میں 10 سے 15 ہزار کا اضافہ کیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ویب سائٹ کے مطابق آج بھی پی آئی ے کی ملک بھر سے اب تک 15 سے زیادہ پروازیں منسوخ ہوئی ہیں۔
پی آئی اے کے آپریشن متاثر ہونے پر دیگر ایئرلائنز کے ٹکٹ مہنگے ہو گئے
قومی ایئر لائن کو درپیش مالی بحران اور پروازیں منسوخ ہونے سے دیگر ایئرلائینز کے ٹکٹوں کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔ پی آئی اے پر سفر کرنے والے مسافر بھی دیگر ایئر لائنز سے ٹکٹ خریدنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
نجی ایئر لائنز کے ٹکٹوں کی مانگ میں اضافے کی وجہ سے کرایوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
کراچی سے لاہور اور اسلام آباد کا یکطرفہ کرایا 32 سے 48 ہزار روپے کے درمیان وصول کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح ملکی اور بین الاقوامی سطح پر سفر کرنے والے مسافر مہنگا ٹکٹ خریدنے پر مجبور ہیں۔
کراچی میں ٹریول ایجنسی میں کام کرنے والے نوید احمد نے بتایا کہ پی آئی اے کے آپریشن میں خلل کی وجہ سے ملکی اور غیر ملکی ایئرلائنز پاکستان سے ہوائی سفر کرنے والوں سے اپنی مرضی کے ریٹ لے رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت اندرون ملک سفر کرنے کے لیے ٹکٹ 10 سے 15 ہزار روپے مہنگا فروخت ہو رہا ہے جبکہ بین الاقوامی پروازوں کے ٹکٹ میں سفر اور منزل کے حساب سے 30 ہزار سے 55 ہزار روپے مہنگا ہے۔
پی آئی اے سے عام طور پر سفر کرنے والے اب دیگر ایئرلائنز کو ترجیح دے رہے ہیں۔
کراچی میں پبلک ریلیشنز کے کام سے وابستہ ابوبکر جاوید کے مطابق کراچی میں رواں سال کے دوران 7 بڑے ایونٹ منعقد ہوئے جن میں اندرون ملک سمیت بیرون ممالک سے مندوبین نے شرکت کی۔ ان تمام ایونٹس میں شرکت کرنے والوں کو پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کے بجائے دیگر ایئر لائنز کے ذریعے کراچی بلایا گیا ہے۔

ایندھن نہ ہونے کے باعث پی آئی اے کے فلائیٹ آپریشن متاثر ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

ان کا کہنا تھا کہ ٹکٹ سستا اور ڈائریکٹ فلائیٹ کی وجہ سے پی آئی اے کو ترجیح دیتے تھے لیکن کچھ عرصے سے فلائیٹ آپریشن متاثر ہونے کے باعث نمائش میں شرکت کرنے والوں کو دیگر فضائی کمپنیوں کے ذریعے کراچی بلایا گیا ہے، جس سے بجٹ بھی متاثر ہوا ہے۔
دوسری جانب ترجمان پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن عبداللہ خان کا کہنا ہے کہ ایندھن کی فراہمی بہتر ہونے سے پی آئی اے کے متاثرہ آپریشن بحالی ہونا شروع ہو گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ آج سوموار کے لیے پی آئی اے نے 45 پروازوں کو شیڈول کیا ہے جو مختلف ایئرپورٹس سے جدہ اور مدینہ کے لیے چلیں گی، جبکہ بحرین، دبئی، کوالالمپور کے لیے بھی پروازیں آپریٹ ہوں گی۔
ترجمان کے مطابق پی آئی اے کا اندرون ملک آپریشن بھی بحال ہونا شروع ہو گیا ہے اور آج کراچی، لاہور، اسلام آباد، گلگت اور سکردو کے لیے پروازیں چلائی جا رہی ہیں۔
عبداللہ خان کے مطابق اگلے چند دن میں ایندھن کی صورتحال میں مزید بہتری کے باعث آپریشن معمول پر آنا متوقع ہے۔

شیئر: