Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اڈیالہ جیل میں شاہ محمود قریشی کی طبیعت ناساز، پمز ہسپتال منتقل

28 اکتوبر کو عمران خان اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد ہوئی تھی۔ (فوٹو: پی ٹی آئی)
پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی جیل میں طبیعت خراب ہو گئی ہے جس کے بعد عدالت کی اجازت سے انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
جمعرات کو حکام نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل میں سائفر کیس میں قید سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی۔
’جیل انتظامیہ نے انھیں ہسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت اسلام آباد کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین سے اجازت طلب کی۔ جیل انتظامیہ کی درخواست پر عدالت نے انھیں جیل سے ہسپتال منتقل کرنے کی اجازت دے دی۔‘
جیل انتظامیہ نے عدالت کو بتایا کہ شاہ محمود قریشی کے ٹیسٹ کرانے ہیں۔ ’جیل ڈاکٹر کی ایڈوائس پر انہیں پمز منتقل کرنے کی اجازت دی جائے۔ جس پر عدالت نے شاہ محمود قریشی کو جیل سے ہسپتال منتقل کرنے کی اجازت دے دی۔‘
عدالت سے اجازت ملنے کے بعد انھیں پمز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پمز ہسپتال کے ترجمان کے مطابق ڈاکٹروں کی ٹیم ان کا معائنہ کر کے ان کے علاج معالجے کا فیصلہ کرے گی۔ 
ڈاکٹرز کی ایڈوائس پر ہی انھیں ہسپتال میں رکھنے یا واپس جیل منتقل کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
شاہ محمود قریشی کے اہل خانہ کے مطابق وہ سائفر کیس میں فرد جرم عائد ہونے کے بعد سے دباؤ کا شکار ہیں۔
اہل خانہ سے گزشتہ دنوں ہونے والی ملاقات میں انھوں نے اپنی پریشانی کا اظہار بھی کیا تھا کہ وہ اس معاملے پر شدید پریشان ہیں کہ انھیں ملک کا وزیر خارجہ ہونے کی حیثیت سے اب ملکی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کا ملزم بنا دیا گیا ہے۔

شیئر: