اسلام آباد...وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نہال ہاشمی کا بیان ان کی ذاتی رائے ہے۔ مسلم لیگ (ن)، شریف فیملی اور حکومت کا کوئی تعلق نہیں۔ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم احتساب پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے سپریم کورٹ کو کمیشن بنانے کیلئے خود خط لکھا۔ وزیراعظم اور ان کے خاندان نے ہر سطح پر تعاون کیا ۔ کوشش ہے کہ اداروں کے درمیان غلط فہمی پیدا نہ ہو۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی شریف فیملی کے جس رکن کو جب پیش ہونے کے لئے کہے گی تو وہ پیش ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر جو ایکشن لیا وہ اس موقف کی نفی کرتا ہے کہ خدانخواستہ کوئی سازش تیار کی جا رہی تھی اور جان بوجھ کر کچھ ایسا منصوبہ بنایا جا رہا تھا ۔ نواز شریف اس قسم کی کسی کو بھی اجازت نہیں دیں گے۔ جب بھی کسی نے پارٹی ڈسپلن کی خلادف ورزی کی یا اپنے بیان سے آئینی و قانونی اداروں پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی تو اس پر وزیراعظم نے ہمیشہ سخت نوٹس لیا ہے اور یہ واضح پیغام دیا ہے کہ وہ اس طرح کے کسی ایکشن کی اجازت نہیں دیں گے۔