فلسطینی کارکن عھد تمیمی ’دہشت گردی پر اکسانے‘ کے الزام میں گرفتار
فلسطینی کارکن عھد تمیمی ’دہشت گردی پر اکسانے‘ کے الزام میں گرفتار
پیر 6 نومبر 2023 15:56
عھد تمیمی کو 2017 میں بھی ’سنگین جرم’ کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ فوٹو رویا نیوز
ممتاز فلسطینی کارکن عھد تمیمی کو ’دہشت گردی پر اکسانے‘ کے الزام میں پیر کے روز چھاپے کے دوران مغربی کنارے کے علاقے سے مبینہ طور پر گرفتار کیا گیا ہے۔
اے ایف پی نیوز کے مطابق 22 سالہ فلسطینی کارکن کو مزید پوچھ گچھ کے لیے اسرائیلی سکیورٹی فورسز کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
اسرائیلی فورسز نے تصدیق کی ہے کہ فلسطینی کارکن عھد تمیمی کو اس سے قبل 2017 میں جب وہ 16 سال کی تھیں سنگین جرم کے باعث گرفتار کیا گیا تھا۔
عھد تمیمی پر الزام تھا کہ انہوں نے دو اسرائیلی فوجیوں پر حملہ کیا ہے اور ان پر گیارہ دیگر الزامات بھی لگائے گئے تھے۔
اس وقت تمیمی کے چھوٹے بھائی کی بنائی گئی ویڈیو فیس بک پر وائرل ہوئی تھی جب وہ اپنے آبائی گاؤں نبی صالح میں دو اسرائیلی فوجیوں پر چلانے اور ان سے جھگڑتے ہوئے دکھائی گئی تھیں۔
اسرائیلی فوج کے ایک ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ فلسطینی کارکن احد تمیمی کو رام اللہ کے قریب واقع ان کے قصبے نبی صالح میں دہشت گردانہ سرگرمیوں اور تشدد پر اکسانے کے شبے میں گرفتار کیا گیا ہے۔