Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمرہ سیزن کے آغاز سے ابتک 57لاکھ معتمرین ارض مقدس آچکے ہیں

جدہ ( ارسلان ہاشمی ) ڈائریکٹر جنرل جوازات برائے امور حج و عمرہ میجر جنرل خالد الجعید نے حج ٹرمنل کا دورہ کیا اورمعتمرین کو فراہم کی جانے والی ایمگریشن خدمات کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر مکہ مکرمہ ریجن کے ڈائریکٹر جنرل جوازات میجر جنرل عبدالرحمان الحربی اور ائیر پورٹ ایمگریشن اینڈ پاسپورٹ کے ڈائریکٹر کرنل سلیمان الیوسف بھی موجود تھے ۔ ائیر پورٹ ڈائریکٹر نے بتایا کہ عمرہ سیزن کے آغاز یکم محرم 1438 ھ سے اب تک مختلف ممالک سے آنے والے معتمرین کی تعداد 57لاکھ 12 ہزار 372 رہی جن میں سے 52 لاکھ 45 ہزار 704 معتمرین واپس جا چکے ہیں ۔ ماہ رمضان المبارک میں دنیا بھر سے بڑی تعداد میں معتمرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اس لئے محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے ائیرپورٹ اور بری سرحدی چوکیوں پر اضافی عملے کو متعین کیا گیا ہے تاکہ ضیوف الرحمان کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ میجر جنرل الجعید نے جوازات کی جانب سے ائیر پور ٹ پر فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے الجعید نے کہا کہ عمرہ کی ادائیگی کے لئے آنے والے ضیوف الرحمان مملکت کے قوانین کا خاص خیال رکھیں ۔ قانون اقامت سب کیلئے یکساں ہے ۔ امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر 50 ہزار ریال جرمانہ اور 6 ماہ قید کی سزامقرر ہے ۔ سزا پوری کرنے کے بعد غیر قانونی تارکین کو ملک بدر کر دیاجاتا ہے جو آئندہ 3 برس کیلئے کسی بھی ویزے پر مملکت نہیں آسکتے ۔ جنرل الجعید نے مزید کہا کہ عمرہ ویزے پر آکر مملکت میں کام کرنا بھی قانون شکنی کے دائر ہ میں آتا ہے جس پر بھی مذکورہ بالا سزا دی جاتی ہے ۔ عمرہ ویزہ صرف جدہ ، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کیلئے ہی کارآمد ہو تا ہے ۔ ان شہروں کے علاوہ دیگر شہروں میں جانے والے خلاف ورزی کے مرتکب ہو تے ہیں ۔ غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو روزگار اور رہائش مہیا کرنے والے بھی قانونی طور پر مجرم شمار ہو نگے اس لئے ایسے افراد کو روزگار اور پناہ قطعی طور پر مہیا نہ کی جائے ۔

شیئر: