سعوی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان غزہ کی صورتحال پر غور کے لیے بریکس گروپ کے رہنماؤں کے ساتھ ورچول میٹنگ میں شرکت کریں گے۔
عرب نیوز کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوتن، چینی صدر شی جن پنگ سمیت گروپ کے دیگر رہنما منگل کو ہونے والے آن لائن اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اجلاس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس بھی شریک ہوں گے۔
جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا کے دفتر کے مطابق اجلاس میں بریکس کے ارکان برازیل، انڈیا اور جنوبی افریقہ کے علاوہ ارجنٹائن، مصر، ایتھوپیا، ایران اور متحدہ عرب امارات بھی شرکت کریں گے جو کہ اگلے سال جنوری میں بلاک کا باضابطہ حصہ بنیں گے۔
جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا اس غیرمعمولی اجلاس کی صدارت کریں گے کیونکہ بریکس کی سربراہی اس وقت جنوبی افریقہ کے پاس ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بریکس کے ممبر ممالک کے سربراہان اجلاس میں غزہ میں انسانی بحران کے حوالے سے بیان دیں گے۔ اجلاس کے بعد ممکنہ طور پر مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا جائے گا۔
غزہ پر بریکس کا اجلاس چین کی جانب سے مصر، سعودی عرب، اردن، فلسطینی اتھارٹی اور انڈونیشیا کے وزرائے خارجہ کے بیجنگ میں میزبانی کے ایک دن بعد ہورہا ہے۔