Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملائیشیا: ’کوالالمپور میں برطانوی راک بینڈ کولڈ پلے کا کنسرٹ روک سکتے ہیں‘

فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کنسرٹ  روکنے پر زور دیا گیا ہے۔ فوٹو انسٹاگرام
ملائیشیا میں ہونے والے برطانوی راک بینڈ ’کولڈ پلے‘ کے کنسرٹ میں کسی قسم کی بدمزگی کے باعث منتظمین شو روک سکتے ہیں۔
امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ملائیشیا کے ایک وزیر کا کہنا ہے کہ حکومت نے مسلم قدامت پسندوں کی طرف سے شو کو منسوخ کرنے کے مطالبات کو مسترد کر دیا تھا۔

گلوکار نے ملائیشیا میں ہم جنس پرستوں کے خلاف قوانین کی مذمت کی تھی (فائل فوٹو: انسٹاگرام)

ملائیشیا میں اپوزیشن بلاک کی قیادت میں مسلم قدامت پسندوں نے ایک مخصوص کمیونٹی کی جانب سے کولڈ پلے کنسرٹ کی حمایت پر احتجاج کیا ہے۔
مسلم قدامت پسندوں نے اسرائیل اور حماس کی جنگ میں ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کنسرٹ روکنے پر زور دیا ہے۔
ملائیشیا میں مواصلات و ڈیجیٹل کے وزیر فہمی فضل نے کہا ہے کہ رات کے بعد ملائیشیا میں کولڈ پلے کے پہلے کنسرٹ منعقد کرنے پر انہیں کوئی مسئلہ نہیں۔ 
کوالالمپور کے باہر سٹیڈیم میں تقریباً 75 ہزار شائقین کی متوقع آمد پر علاقے کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
وزیر نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ شو کے منتظمین سے تبادلہ خیال ہوا ہے کہ بجلی کی فراہمی منقطع کرنے کے لیے 'کِل سوئچ' استعمال کیا جا سکتا ہے۔

 سٹیڈیم میں تقریباً 75 ہزار شائقین کی متوقع آمد پر علاقے کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے (فائل فوٹو: عرب نیوز)

ملائیشیا نے جولائی میں کوالالمپور میں ہونے والے برطانوی بینڈ ’دی 1975‘ کے متنازعہ کنسرٹ کے بعد حال ہی میں ’کِل سوئچ‘ کا طریقہ متعارف کرایا ہے۔
راک بینڈ کے سینئر گلوکار نے ملائیشیا میں ہم جنس پرستوں کے خلاف قوانین کی مذمت کرتے ہوئے اپنی پرفارمنس کے دوران مرد ساتھی کو بوسہ دیا۔
سینیئر گلوکار کی اس حرکت سے مسلمان عوام نے غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے تین روزہ میوزک فیسٹیول کو کم کرنے پر حکومت کو آمادہ کیا۔
دوسری جانب ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے کولڈ پلے کو کنسرٹ کی اجازت دینے کا جواز پیش کرتے ہوئے منگل کے روز پارلیمنٹ کو بتایا  کہ کولڈ پلے دراصل ان بینڈز میں شامل ہے جو فلسطین کی حمایت کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے بتایا کہ اس کنسرٹ کی منظوری گذشتہ حکومت نے دی تھی اور فلسطین کے حامی گروپوں نے بھی کولڈ پلے کنسرٹ کی حمایت میں ان کے دفتر سے رجوع کیا تھا۔
حزب اختلاف کی اسلامی جماعت پی اے ایس نے  وزیراعظم کے اس موقف کی مذمت کی ہے۔
جماعت کے انفارمیشن چیف احمد فاضلی شاری نے کہا  ہے کہ کولڈ پلے جہاں فلسطینی کاز کی حمایت کرتا ہے، وہیں سرکشی کی حوصلہ افزائی بھی کرتا ہے۔

وزیراعظم کے مطابق ’اس کنسرٹ کی منظوری گذشتہ حکومت نے دی تھی‘ (فائل فوٹو: ایکس)

ملائیشیا میں حزب اختلاف کی جماعت پی اے ایس نے  گذشتہ سال کے انتخابات میں مسلمانوں کی مضبوط حمایت کے بعد اپنا اثرورسوخ بڑھایا ہے۔
یہ جماعت ملک میں ہونے والے بین الاقوامی فنکاروں کے کنسرٹس پر اکثر احتجاج کرتی ہے جو اس کے بقول مسلم اقدار سے مطابقت نہیں رکھتے۔
کولڈ پلے اپنی اقدار کو اپنے شوز کے ساتھ جوڑنے کے لیے مشہور ہے اور معروف گلوکار کرس مارٹن پرفارمنس کے دوران قوس قزح کے رنگ پہنتا ہے اور ہم جنس پرستوں کا جھنڈا لہراتا ہے۔
کوالالمپور کی پولیس نے عوام کو متنبہ کیا ہے کہ  کنسرٹ میں کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی یا بدامنی سے باز رہیں۔

شیئر: