وہ کہنے لگے آپکی صاحبزادی شہر میں اسکوٹی دوڑاتی رہتی ہیں، آج کہاں روانہ ہوئی ہیں؟
* * * اُم مزمل ۔ جدہ* * *
وہ وضو کے بعد چادر جیسے دوپٹہ کو نماز پڑھنے کیلئے اپنے چاروں اطراف پھیلانے کے بعد سر پر دُہرا لے کر گرہ لگانے کے انداز میں ترتیب دے رہی تھی تاکہ نماز کے دوران بال پیشانی پر نظر نہ آئیں۔ انہو ں نے نماز کی تیاری دیکھی تو کہا، اچھا لگتا ہے جب آپ اذان سے پہلے نماز کی تیاری شروع کردیتی ہیں، میں تو یہاں سے وہاں تک جانے میں بھی سہارا تلاش کرتا ہوں۔ وہ قریبی کرسی پر بیٹھی ان کے سامنے پھیلی کتابوں، کاپیوں اور نوٹس کی فائلوں کو سنبھالتے ہوئے کہنے لگی، لیکن ہم لوگوں کو یہ بات تو سوچنی چاہئے ناںکہ ایک سال میں ایک دن ہی نزلہ زکام یا بخار کا شکار ہوئے یا کسی وجہ سے طبیعت خراب ہوگئی تو کئی ہفتے تک اس کو نہ صرف یاد کرتے رہیں گے بلکہ ہر ملاقاتی کو یہ بتانا ضروری خیال کریں گے کہ ہم نے بیماری میں کتنی تکلیف سہی، کتنی مشکل ہوئی۔ اتنا ہی ہم سوچ لیا کریں کہ جس طرح مال کی زکوٰۃ نکالی جاتی ہے اسی طرح بیماری بھی صحت کیلئے ضروری ہے۔
صحت و تندرستی کی قدر ہمیں ان دنوں میں ہوتی ہے جب ہمیں کوئی بیماری گھیر لیتی ہے۔ قریب موجود کشتی میں سے چند بادام شوہر کی جانب بڑھاتے ہوئے اس نے کہا کہ آپ روزانہ بادام کھانا بھول جاتے ہیں جبکہ یہ ذہنی کام کرنے والوں کیلئے اکسیر ہے۔ آپ اپنے آپ کو معذور نہ سمجھا کریں، اکثر لوگوں کو تو شاید خبر بھی نہ ہوتی ہوگی جو آپ سے ملاقات کرنے یا پڑھنے کیلئے آتے ہیں کیونکہ میں انہیں ٹیرس پر رکھے بنچ پر بیٹھنے کاانتظار کرنے کا کہتی ہوں۔ جب آپ طویل رائٹنگ ٹیبل تک پہنچ جاتے ہیں جب ہی میں آپ سے ملاقات اور پڑھنے کیلئے بلواتی ہوں۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا، ہاں شاید کسی کو معلوم نہ ہو لیکن ایکسیڈنٹ نے آفس کی نوکری تو ختم کرادی ناں۔ وہ ہمت دلاتے ہوئے کہنے لگی، آپ کی جگہ آپ کی صاحبزادی صاحبہ روزانہ جارہی ہیں، اپنا بیچلرز پروگرام بھی مکمل کررہی ہیں۔
ارادہ ہے کہ بزنس ایڈمنسٹریشن مکمل کرنے کے بعد آپ کی طرح اسٹوڈنٹس کیلئے کسی اچھی جگہ تعلیمی ادارہ شروع کریں تاکہ ملک کی ناخواندگی ختم ہونے میں کچھ تو مدد ملے۔ وہ کہنے لگے کہ مالک حقیقی نے ہمیں تینوں بیٹیوں کی طرف سے آسودگی دی ہے۔ بھلا کون سا آج ایسا گھر شہر میں ہوگا جہاں کسی کے پاس ایک بھی سیل فون موجود نہ ہو لیکن آپ کی تربیت نے کیا خوب اثرات مرتب کئے کہ جو کچھ لکھنا پڑھنا ہے وہ اپنے اسکول کے کمپیوٹر پر کرلولیکن اپنی معمولی خواہش پوری کرنے کیلئے لاکھوں روپے کا خرچہ مت بڑھاؤ۔ آج نیا خرید رہے ہیں، آج اس میں نئے نئے پیکیج کا اضافہ کررہے ہیں۔ ہر تین 4 ماہ بعد ماڈل بدل رہے ہیں اور دن رات کی مشغولیت اسکے ساتھ رہے گی تو اس طرح اپنے قیمتی وقت کا ضیاع ہی کرنا ہوگا۔ کئی گھنٹے کی سرچ کے بعد شاید چندباتیں ہی اس میں کا رآمد ملتی ہونگی۔
میں اس سلسلے میں جتنا شکر ادا کروں، کم ہے کہ تینوں بچیوں نے میری ہر بات کو ہمیشہ مقدم جانا ہے اور ہربات مانی ہے۔ وہ شکر ادا کرتے ہوئے بولی۔ انہو ں نے کہا، آپ کے بھتیجے صاحب نے جو اپنے بابا جان کے ذریعے ہمارے گھر رشتے کی بابت بات پہنچائی ہے، اس سلسلے میں کوئی بات آپ کی بڑی صاحب زا دی نے کی یا وہ اس بات پر ہیں جو ہمیں بھی دراصل اپیل کرتی ہے کہ وہ اپنے ملک میں ہی رہ کر اپنی قابلیت اور صلاحیت سے ہم وطنوں کی خدمت کرنا چاہتی ہیں۔ وہ شوق سے جلدی جلدی بتانے لگی کہ بھائی جان کا فون آیا کہ وہ لوگ اس بات سے خوش ہیں اور ہمارے بھتیجے صاحب اب اس مشن میں شامل رہیں گے کہ اپنے ملک میں تعلیمی ادارے کھولے جائیں اور مفت تعلیم دی جائے۔ ساتھ ہی ساتھ روزگار کا سلسلہ بھی شروع کردیا جائے تاکہ طلباء وطالبات کو صحت مند مشاغل میں مصروف اور غیر صحت مند مشاغل سے دور رکھا جاسکے۔ ان کی غربت سے کوئی فائدہ نہ اٹھاسکے۔ وہ خوش ہوکر کہنے لگے کہ بھتیجا آپ کا ہے لیکن مجھے بیٹے کی طرح عزیز ہے۔ یہ خوشخبری تو بہت خوش آئند ہے۔
وہ بولی، آپ کی ڈاکٹر صاحبزادی بھی اپنا کلینک کسی ایسی جگہ کھولنا چاہتی ہیں جہاں لوگوں کا علاج معمولی فیس میں کیا جائے اور صحت کے عمومی مسائل کو حل کیا جاسکے۔ اس میں انکے کئی ہم جماعتوں نے انکا ساتھ دینے کا وعدہ کیا ہے۔ یہاں چند دن پہلے جو خاتون آئی تھیں، ان کے صاحبزادے بھی بہترین سرجن بن چکے ہیں اب ہم لوگوں کو انہیں شادی کی تاریخ دے دینی چاہئے۔ وہ ہنستے ہوئے پوچھنے لگے ، صاحب زادی صاحبہ سے عندیہ لے لیا آپ نے؟ وہ ہنستے ہوئے کہنے لگی جی ہاں! آپ کی منجھلی صاحبزادی فرما رہی تھیں بابا جان کی کھٹارا پرانی گاڑی کا اسٹیرنگ گھماتے گھماتے بازو میں درد ہوجاتا ہے۔ اچھا ہے نئی گاڑی کا اسٹیرنگ تو صحیح کام کرے گا۔ وہ زوردار قہقہہ لگاتے ہوئے کہنے لگے اور جو آپ کی سب سے چھوٹی صاحبزادی اسکوٹی لئے سارے شہر میں دوڑاتی رہتی ہیں اور گلاب کی افزائش او راسکے عرق کی تجارت سے جو منافع ملتا ہے گاؤں جاکر غریبوں میں تقسیم کردیتی ہیں۔
ان کے بارے میںکیا خبر ہے آج کہاں روانہ ہوئی ہیں؟ وہ کہنے لگی، دعا کریں اسکا بھی شریک سفر ایسا ملے جو اس اچھے کام میں مددگار ثابت ہو ۔ اس کا خود کامرس پڑھنا اور لوگوں کو یہ تعلیم دینا کہ تجارت اپناؤ اور ملک کو ترقی دو، یہ ایک اچھی سوچ ہے۔ ایسا سوچنے والوں کی ملک میں کمی ہے۔ اچانک چونک کر کہنے لگی کہ میں بھی باتوں میں لگ گئی آپ کے اسٹوڈنٹس کے جانے کے بعد دروازہ ہی بند نہیں کیا، وہ جو کتنی دیر سے دروازے پر کھڑی اندر آکر اپنے بیٹے کی پسند پر ناراضی کا ارادہ لئے یہاں آئی تھیں یہ سوچ کر واپس جارہی تھیں کہ اب اس گھر میں یوں خالی ہاتھ نہیں آنا بلکہ منہ میٹھا کرانے کل ہی میٹھائی کے ڈبے کے ساتھ آنا ہے۔ دل میں دعا گو تھیں کہ وہ اپنے اعلیٰ تعلیم یافتہ خوش اخلاق صاحبزادے کیلئے اس گھر کے بہترین والدین کے زیر تربیت رہنے والی لڑکی بیاہ کر لے جائیں گی جوبظاہر لاپروا ہے ، اسکوٹی دوڑاتی نظر آتی ہے مگر دراصل کتنی رحم دل ہے۔ لوگوں کی مدد کرنا چاہتی ہے اب ایک سے دو مل کر اس کام میں شامل ہوجائیں تو کارواں بنتا ہی جائے گا۔