کوئٹہ ... نادراکے تصدیقی عمل کے بعد بلوچستان میں 28 ہزار 367 جعلی سرکاری ملازمین کا انکشاف ہوا ہے۔ نادرا نے بلوچستان کے 2 لاکھ 49 ہزار 749 سرکاری ملازمین کی تصدیق کی تاہم 28 ہزار 367 افراد کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ نادرا نے صوبے کے 2 لاکھ 78 ہزار سے زائد سرکاری ملازمین کی تصدیق کا عمل صوبائی حکومت کی درخواست پر شروع کیا تھا تاکہ جعلی ملازمین سے متعلق پتہ چلایا جاسکے۔ دستاویزات میں انکشاف ہوا کہ ان جعلی سرکاری ملازمین میں سے بیشتر کے شناختی کارڈز کم عمر ہونے اور دہری نوکریوں سمیت مختلف وجوہ کی بنا پر تصدیقی عمل کے دوران بلاک کردیئے گئے۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری نے بتایا کہ جعلی اور گھوسٹ ملازمین کی کھوج کا تمام سہرا موجودہ مخلوط حکومت کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان گھوسٹ ملازمین کو ماضی میں بھرتی کیا گیا جنہیں ہماری حکومت نے بے نقاب کیا ۔تمام ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔