طیارہ حادثہ : اردن ، بحرین اورامارات کا سعودی عرب سے اظہار تعزیت
سعودی شاہی فضائیہ کے طیارہ حادثے پراردن ، امارات اوربحرین کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ اظہارتعزیت کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کےلیے دعائے مغفرت کی گئی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق اردنی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ظھران کے شاہ عبدالعزیز ایئربیس سے معمول کی تربیتی مشق کے دوران پیش آنے والے حادثے کے بارے میں معلوم ہوا جس پراظہار تعزیت کرتے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ کی جانب سے بھی طیارہ حادثے پراظہار تعزیت کرتے ہوئے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے مغفرت کی دعا کی گئی۔
بحرینی وزارت خارجہ کی جانب سے بھی سعودی عرب کے لیے تعزیتی بیان جاری کیا گیا جس میں طیارہ حادثے پراظہار افسوس کیا گیا۔
واضح رہے جمعرات کی دوپہر ظھران کے شاہ عبدالعزیز ایئربیس پرایف 15 طیارہ معمول کی تربیتی مشق پرتھا کہ اچانک حادثے کا شکار ہوگیا جس کے نتیجے میں طیارے کے دونوں پائلیٹ جاں بحق ہوگئے۔