’انسانی حقوق کے میدان میں نمایاں پیش رفت کے باوجود کئی چیلنجز باقی ہیں‘
’انسانی حقوق کے میدان میں نمایاں پیش رفت کے باوجود کئی چیلنجز باقی ہیں‘
اتوار 10 دسمبر 2023 8:52
آج دنیا بھر میں انسانی حقوق کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ (فوٹو: پکسلز)
نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت ملکی اور بین الاقوامی سطح پر انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق اتوار کو انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ ’پاکستان نے انسانی حقوق کے مقصد کے لیے اپنی وابستگی کا مسلسل مظاہرہ کیا ہے جس کی عکاسی ان اقدامات اور پالیسیوں کے ذریعے بھی ہو رہی ہے جو پاکستان نے اپنے شہریوں کے وقار اور حقوق کے تحفظ کے لیے کیے ہیں۔‘
آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسانی حقوق کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ’انسانی حقوق کے میدان میں نمایاں پیش رفت کے باوجود مطلوبہ سنگ میل کے حصول میں کئی چیلنجز باقی ہیں۔ انسانی حقوق سے متعلق مسائل سے نمٹنے میں درپیش پیچیدگیوں کو دور کرنے کے لیے قومی اور بین الاقوامی سطح پر مشترکہ کاوشیں ناگزیر ہیں۔‘
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان انسانی حقوق کے عالمی منشور کو اپنانے کی 75ویں سالگرہ کی یاد میں عالمی برادری کے ساتھ شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’خواتین، بچوں، اقلیتوں، معذور افراد، بزرگ شہریوں اور خواجہ سراؤں سمیت کمزور آبادی کے حقوق کے تحفظ کے لیے خصوصی قوانین بنائے گئے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ملک میں انسانی حقوق کے قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے حکومت نے قومی کمیشن برائے انسانی حقوق قائم کیا ہے جس کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے کا اختیار حاصل ہے۔
’قومی کمیشن برائے وقار نسواں کو خواتین کے حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کا مینڈیٹ دیا گیا ہے۔ بچوں کے حقوق کے قومی کمیشن کو حقوق اطفال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات بشمول حقوق کی خلاف ورزیوں کے معاملات کی تحقیقات کا اختیار سونپ دیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں فیملی پروٹیکشن اینڈ ری ہیبلیٹیشن سینٹر تشدد کا شکار ہونے والوں کو عارضی پناہ اور نفسیاتی و سماجی مشاورت فراہم کررہا ہے۔ اسی طرح زینب الرٹ رسپانس اینڈ ریکوری اتھارٹی اور ٹرانس جینڈر پروٹیکشن سینٹر اسلام آباد کا قیام بھی انسانی حقوق سے متعلق اہم حکومتی اقدامات ہیں۔‘
انوارالحق کاکڑ نے کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان عالمی برادری پر زور دیتا ہے کہ وہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت سمیت بنیادی حقوق کی فراہمی کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالنے میں اپنا کردارادا کرے۔‘
نگراں وزیراعظم نے کہا غزہ میں اسرائیل کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے نتیجے میں معصوم خواتین اور بچوں سمیت ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
’ہم عالمی برادری پر زور دیتے ہیں کہ وہ غزہ میں فوری جنگ بندی کے لیے کوششوں میں اضافہ کرے۔ ہم اسرائیل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فلسطین پر اپنا وحشیانہ قبضہ ختم کرے اور فلسطینی عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا ناقابل تنسیخ حق فراہم کرے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ تمام انسانوں کے پیدائشی وقار اور مساوی حقوق کو تسلیم کرنے اور اسے برقرار رکھنے والی دنیا کی تعمیر کے لیے مل کر کام کرنا ہو گا۔