غیر یقینی موسمی صورتحال، مکہ، مدینہ ریجن اور جدہ میں منگل کو سکول بند رہیں گے
تمام سکولوں میں تعلیم مدرستی پورٹل کے ذریعے ہوگی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں مدینہ منورہ ریجن، مکہ مکرمہ اور محکہ تعلیم جدہ نے غیر یقینی موسمی صورتحال کے باعث منگل 12 دسمبر کو سکول بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایس پی اے نے محکمہ تعلیم کے حوالے سے بتایا کہ منگل کو مکہ اور مدینہ منورہ کے تمام تعلیمی اداروں جبکہ جدہ، رابغ اور خلیص کے سکولوں میں تعلیم مدرستی پورٹل کے ذریعے ہوگی۔ اساتذہ اور عملہ آن لائن ڈیوٹی دیں گے۔
محکمہ تعلیم نے سکول بند کرنے اور آن لائن تعلیم کا فیصلہ موسمیات کے قومی مرکز کے اس انتباہ کی بنیاد پر کیا ہے جس میں بدھ تک مملکت کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔
قومی مرکز نے بیان میں کہا تھا کہ مکہ، مدینہ، تبوک، الجوف، شمالی حدود، حائل، القصیم، ریاض اور الشرقیہ ریجن بارش کی زد میں رہیں گے۔
علاوہ ازیں جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفینس نے بارش کے امکان کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ایک بیان میں محمکہ شہری دفاع نے بارش کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے کی ضرورت پر زوردیا۔