Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گھریلو کارکنان کے نئے معاہدوں کےلیے یکم فروری سے انشورنس پالیسی لازمی

پالیسی کا اطلاق ان گھریلو کارکنوں پر ہو گا جن کے ویزے وزارتکے پورٹل ’مساند‘ کے ذریعے جاری ہوں گے ( فوٹو: العربیہ)
سعودی وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے کہ ’یکم فروری 2024 سے گھریلو عملے نئے معاہدوں کے لیے جنرل انشورنس پالیسی حاصل کرنا لازمی ہوگا‘۔ 
عکاظ اخبار کے مطابق بیمہ پالیسی کا اطلاق ان گھریلو کارکنوں پر ہو گا جن کے ویزے وزارت افرادی قوت کے پورٹل ’مساند‘ کے ذریعے جاری کیے جائیں گے۔ 
گھریلو کارکنوں کی ملازمت کے معاہدے کی تصدیق کے لیے جنرل بیمہ پالیسی حاصل کرنا ضروری ہوگا۔ بیمہ پالیسی کارکن کے مملکت پہنچنے کے دو برس تک کارآمد ہوگی۔ اس کے بعد آجر و اجیر کو اختیار ہوگا کہ وہ اسے جاری رکھیں یا نہیں۔ 
واضح رہے رواں برس 2023 کے آغاز وزارت افرادی قوت کی جانب سے گھریلو کارکنوں کے لیے جنرل انشورنس پالیسی کا اختیار دیا گیا تھا جس سے رواں برس ایک لاکھ 75 ہزار صارفین نے استفادہ کیا۔ 
گھریلو کارکنوں کےلیے جاری کی جانے والی بیمہ پالیسی کے حوالے سے وزارت افرادی قوت کا کہنا تھا کہ یہ عمل فریقین کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔  
بیمہ پالیسی کا نفاذ کارکن کے مملکت آنے اور کام شروع  کرنے کے ساتھ ہی کیا جاتا ہے جو دو برس تک کےلیے کارآمد ہوتی ہے۔ 
کارکنوں کی جنرل بیمہ پالیسی کا مقصد فریقین کےحقوق کا تحفظ ہے۔ اگر کارکن مملکت آنے کے بعد اپنے سپانسر کے پاس سے فرار ہوجائے اس صورت میں بیمہ پالیسی کی مد میں اس کے ویزے کے اجرا کی رقم ادا کی جائے گی۔
علاوہ ازیں کارکن کے انتقال کر جانے کی صورت میں اس کی نعش  اوردیگر اشیا اس کے ملک روانہ کرنے کے اخراجات بھی بیمہ پالیسی کے ذریعے ادا کیے جائیں گے۔ 
ملازمت کے دوران کارکن کے حقوق  کا تحفظ بھی بیمہ پالیسی کے ذریعے کیا جاتا ہے۔

 کارکن کے حقوق  کا تحفظ  انشورنس پالیسی کے ذریعے کیا جاتا ہے (فوٹو: الاقتصادیہ)

اگر آجر کی جانب سے کارکن کو اس کی تنخواہ اور واجبات ادا نہیں کیے جاتے یا آجر کا انتقال ہوجاتا ہے یا وہ کسی وجہ سے معذور ہو جاتا ہے ان صورتوں میں بیمہ پالیسی کارکن کے حقوق کا بھی تحفظ کرے گی۔ 
 وزارت افرادی قوت کی جانب سے مختلف پروگرام پیش کیے گئے ہیں جن میں کارکنوں کے حقوق کا تحفظ پروگرام شامل ہے۔
اس کے علاوہ کارکنوں کا مصدقہ ورک ایگریمنٹ جس میں فریقین کے حقوق واضح کیے گئے ہیں۔ 
خیال رہے بیمہ پالیسی پہلی بار مملکت آنے والے گھریلو کارکنوں کے ورک ایگریمنٹ کی تصدیق کے ساتھ  ہی جاری کی جائے گی۔

شیئر: