اردو کو نئی نسل میں منتقل کرنا فرض ہے، حفظ الرحمان
اردو ٹوسٹ ماسٹرز کلب کا 75واں اجلاس، فرسٹ سیکریٹری سفارتخانہ ہند کا اردو کے خدام کو تعاوم دینے ک ا عزم، بہترین کارکردگی پر مومنٹو
ریاض ( کے این واصف) اردو ہماری زبان ہی نہیں ہماری تہذیب بھی ہے۔ یہ ہمیں اسلاف سے ملا سرمایہ ہے اس کو نئی نسل میں منتقل کرنا ہمارا فرض ہے۔ جس پر ہماری توجہ نہیں ہے اس میں غفلت اور کوتاہی ایک مجرمانہ عمل ہوگا۔ یہ بات ڈاکٹر حفظ الرحمان ، فرسٹ سیکریٹری سفارتخانہ ہند ریاض نے کہی۔ وہ بزم اردو ٹوسٹ ماسٹرز کلب ریاض کے 75ویں اجلاس سے مخاطب تھے۔ ہندوستانی بزم اردو ریاض کی جانب سے قائم کیا گیا یہ کلب ہر 15روز میں اپنا اجلاس منعقد کرتا ہے جس میں شخصیت سازی اور فن خطابت کی تربیت دی جاتی ہے۔ ڈاکٹر حفظ الرحمان نے اس اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ میں ان تمام افراد او رانجمنوں کا احترام کرتا ہوں اور انکے ساتھ ہر طرح کا تعاون کرنے کی کوشش کرتا ہوں جو اردو کی ترقی و ترویج میں اپنی توانائیاں صرف کررہے یں۔ ابتداءمیں کلب کے صدر تقی الدین میر نے خیر مقدم کرتے ہوئے کلب کی 3سالہ کارکردگی اور کامیابیوں کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ کلب کے بانی و سابق صدر آرکیٹکٹ عبدالرحمان سلیم نے کہا کہ مختصر عرصے میں کلب نے اپنی بہترین کارکردگی کا ثبوت پیش کیا او رمرکزی ادارہ ٹوسٹ ماسٹرز کلب سے امتیازی کلب ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے اردو بولنے والے نوجوانوں کو کلب کی رکنیت حاصل کرنے کا مشورہ دیا۔ سابق صدر انجینیئر عبدالحمید نے اپنے ایڈوانس مرحلے کی تقاریر کے سلسلے کا ایک اور منصوبہ پیش کیا ۔ اس موقع پر انگریزی کلب سے مدعو کئے گئے سعودی شہری محمد الہاجری اور عادل الجہنی نے بھی خطاب کیا۔ دمام سے مدعو کئے گئے ادارہ ”ہدف“ کے رکن انجینیئر احسان احمد نے” اردو آئی سی یو وارڈ میں“ کے عنوان سے ایک خود کلامیہ پیش کیا جسے حاضرین نے بیحد سراہا۔بہترین کارکردگی کی ستائش میں چند ٹوسٹ ماسٹرز کو ڈاکٹر حفظ الرحمان کے ہاتھوں مومنٹوز پیش کئے گئے۔ جن میں انجینیئر عبدالحمید، تقی الدین میر، ڈاکٹر سعید محی الدین، سید وقار الدین، محمد الہاجری، عادل الجہنی، انجینیئر محمد مبین، احسان احمد شامل تھے۔ محفل کا آغاز قاری علیم الدین کی قرا¿ت کلام پاک سے ہوا۔ ایک مقامی ریستوران کے بینکوئٹ ہال میں منعقد ہ اس تقریب میں صدر بزم اتحاد (مدینہ منورہ) احمد الدین اویسی نے بھی شرکت کی اور مختصراً محفل سے خطاب بھی کیا۔ اس میں ریاض کی سماجی تنظیموں کے نمائندے، دیگر ٹوسٹ ماسٹرز کلب کے اراکین نے شرکت کی۔ نظامت کے فرائض عظیم الدین زبیر نے انجام دیئے۔ ڈاکٹر سعید محی الدین نائب صدر اردو ٹوسٹ ماسٹرز کلب ریاض کے ہدیہ تشکر پر محفل کا اختتام عمل میں آیا۔