Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ساگ میں سفید مکھن ’غذائی اجزاء کا پاور ہاؤس‘

ماہر غذائیت کا کہنا ہے کہ سفید مکھن ساگ کا ذائقہ بڑھانے کے ساتھ اس کے فوائد میں بھی اضافہ کرتا ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)
موسم سرما انسانی جسم کو صحت مند رکھنے والی سبزیوں کا موسم ہے اور سرسوں کے ساگ کو تمام پتوں والی سبزیوں کا بادشاہ کہا جاتا ہے۔
ساگ کا ذکر ہو اور مکئی کی روٹی اور سفید مکھن کی بات نہ ہو ایسا بھلا کیسے ہو سکتا ہے۔ لیکن اگر آپ وزن کم کرنا چاہتے ہیں اور سفید مکھن سے پرہیز کر رہے ہیں تو آپ نہ صرف اس روایتی صحت مند چکنائی کے بے مثال ذائقے بلکہ ساگ کے ساتھ شامل ہو کر اس سے حاصل ہونے والے کئی فوائد سے بھی محروم ہوجائیں گے۔
ماہر غذائیت لونیٹ بترا کا کہنا ہے کہ سفید مکھن نہ صرف سرسوں کے ساگ کا ذائقہ بڑھاتا ہے بلکہ اس کے فوائد میں بھی اضافہ کرتا ہے۔
سفید مکھن پروسیس شدہ پیلے مکھن کا قدرتی متبادل ہے جس میں نمک بھی شامل کیا گیا ہے۔ سفید مکھن کیلشیئم، وٹامن اے اور وٹامن ڈی، ای اور کے کا ایک اچھا ذریعہ ہے جو آئرن اور دیگر اہم وٹامنز کو بہتر طریقے سے جذب کرنے میں مدد کرکے سرسوں کے ساگ کے غذائی فوائد کو بڑھاتا ہے۔
کریمی مکھن کڑوے ساگ کا ذائقہ بھی بہتر بناتا ہے اور آپ کی آنتوں کی صحت کے لیے بھی موثر ہے۔
لونیٹ بترا نے اپنی تازہ ترین انسٹاگرام پوسٹ میں کہا کہ ’سفید مکھن روایتی طور پر گھر میں بنایا جاتا ہے جو غذائی اجزاء کا ایک پاور ہاؤس ہے اور ساگ کے صحت کے فوائد کو پورا کرتا ہے۔
پالک میں آئرن کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔ سفید مکھن میں موجود چکنائی آئرن کو جذب کرنے میں مدد کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آپ کو مختلف غذائی اجزاء سے فائدہ اٹھانے کے لیے ساگ کے پیالے میں تھوڑا سا مکھن بھی شامل کرنا چاہیے۔
کریمی اور سفید مکھن سبزیوں کی ہلکی سی کڑواہٹ کو متوازن کرتا ہے جس سے آپ کا کھانا صحت مند اور مزیدار ہو جاتا ہے۔
سفید مکھن میں بیوٹیتریٹ نامی فیٹی ایسڈ ہوتا ہے جو آنتوں کی صحت کو بہتر بناتا ہے اور سوزش کو کم کرتا ہے۔ بہتر ہاضمے کے لیے بھی سفید مکھن کا استعمال مفید ہے۔
ماہر غذائیت لونیٹ بترا نے ساگ کھانے کے شوقین افراد کو مشورہ دیا ہے کہ اگلی بار جب آپ اپنے ساگ کا مزہ لیں، تو اس اضافی صحت اور ذائقے کے لیے سفید مکھن شامل کرنا نہ بھولیں۔

شیئر: