Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نوجوانوں میں ذیابیطس کا خطرے بڑھنے کی وجوہات کیا ہیں؟

ماہرین کے مطابق نوجوانوں میں ذیابیطس کا خطرہ بڑھنے کی بڑی وجوہات بچپن میں موٹاپا اور سست لائف سٹائل ہے۔ (فوٹو: پکسلز)
ذیابیطس ایک ایسی پیچیدہ بیماری ہے جو کے جسم میں موجود گلوکوز کے لیول کو متاثر کرتی ہے۔ اس کی دو اقسام ہیں، ٹائپ ون اور ٹائپ ٹو۔
دورِ حاضر میں نوجوانوں میں ذیابیطس کا خطرہ بڑھ رہا ہے جس کی بڑی وجوہات بچپن میں موٹاپا اور سست لائف سٹائل ہے۔
اسی سلسلے میں انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی نے نوجوانوں میں ذیابیطس کے بڑھتے ہوئے خطرے کی آٹھ وجوہات بتائی ہیں، جانتے ہیں کہ وہ کیا ہیں۔
سست لائف سٹائل
جسمانی سرگرمیوں کا کم ہونا اور زیادہ تر وقت سکرین کے آگے گزارنے کے باعث نوجوانوں میں ذیابیطس کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔ جوانی کی عمر میں صحت مند اور سرگرم لائف سٹائل اپنانا چاہیے اور باقاعدگی سے ورزش کرنی چاہیے۔
ناقص غذا
کیلوریز سے بھرپور بازار کے کھانے اور میٹھے کھانوں سے ذیابیطس کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اس بیماری سے بچنے کے لیے پروٹین سے بھرپور خوراک، پھل، سبزیاں اور غذائیت سے بھرپور اجناس کھائیں اور بازار کے کھانے اور میٹھے کھانوں کو کھانا ترک کر دیں۔
موٹاپا
بڑھتا ہوا وزن ذیابیطس کی بڑی وجہ ہے تاہم متوازن غذا سے صحت مند وزن کو قائم رکھنے اور باقاعدگی سے ورزش کرنے سے اس بیماری سے بچا جا سکتا ہے۔
خاندانی بیماری
خاندان میں ذیابیطس کی بیماری کی ہسٹری ہونے سے نوجوانوں میں یہ بیماری پیدا ہو سکتی ہے۔ اس بیماری کی وجہ جاننے کے لیے فیملی کی میڈیکل ہسٹری کو دیکھنا چاہیے تاہم جنیاتی معاملات کو تبدیل تو نہیں کیا جا سکتا لیکن ایک صحت مند لائف سٹائل سے اس بیماری کے خطرے کو کم کیا جا سکتا ہے۔
نیند کی کمی
جوانی کی عمر میں نیند کی کمی کی وجہ سے بھی ذیابیطس کی بیماری ہو سکتی ہے۔ اس بیماری سے بچنے کے لیے اچھی نیند پر توجہ دیں اور نیند کے معیار کو بہتر بنانے پر ترجیح دیں۔

کیلوریز سے بھرپور کھانوں اور میٹھا کھانے سے ذیابیطس کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ (فوٹو: پیکسلز)

ذہنی دباؤ
پیچیدہ ذہنی دباؤ کی وجہ سے جوانی میں ذیابیطس کی بیماری بڑھنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ ذیابیطس سے بچنے کے لیے متوازن لائف سٹائل اپنائیں، ماحول کو پرسکون بنائیں اور ذہنی دباؤ کو کم کرنے کا مناسب بندوبست کریں۔
حمل کے مسائل
حمل کے دوران خواتین کو ہونے والا موٹاپا یا گیسٹیشنل ڈائبیٹیز کی وجہ سے نوجوانوں میں ذیابیطس کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ حمل کے دوران صحت مند لائف سٹائل کو اپنانے سے نوجوان خواتین میں ذیابیطس کے خطرے کو کم کیا جا سکتا ہے۔
ہائی بلڈ پریشر
بلڈ پریشر کا ہائی ہونا بھی ذیابیطس کی بیماری کے خطرے کو جنم دے سکتا ہے۔ اس مسئلے کے لیے باقاعدگی سے بلڈ پریشر کو چیک کروانا چاہیے۔ صحت مند طرز زندگی اور بلڈ پریشر کو باقاعدگی سے چیک کروانے سے ذیابیطس کے خطرے کو کم کیا جا سکتا ہے۔

شیئر: