تعلیمی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے، کمیونٹی کو قانونی مشاورت فراہم کرنے کی تجویز زیر غور ہے ، سفیر پاکستان کا قونصلیٹ میں منعقدہ افطار پارٹی سے خطاب
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے کہا ہے کہ مملکت میں مقیم ہم وطن حقیقی معنوں میں ملک کے سفیر ہیں۔ مقامی قوانین کا احترام ہر ایک پر لازم ہے ۔ بحیثیت مسلمان سرزمین حرمین کا تقدس ہم سب کا فرض ہے ۔ وہ پاکستان قونصلیٹ میں منعقدہ افطار پارٹی سے خطاب کر رہے تھے جس میں کمیونٹی کے چیدہ چیدہ افرادنے شرکت کی ۔ نظامت کے فرائض شائق احمد بھٹونے ادا کئے ہیڈ آف چانسری سعید سرور کی تلاوت آیات ربانی سے تقریب کا آغاز ہوا ۔ قونصل جنرل شہر یار اکبر خان نے سفیر پاکستان کا تعارف کراتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہا ۔ سفیر پاکستان خان ہشام نے اپنے خطاب میں مزید کہا مملکت میں مقیم ہر پاکستانی مجھے بے حد عزیز ہے ۔ ایک عام محنت کش کے لئے بھی میرے دل میں وہی مقام ہے جتنا ایک اہم عہدے پر فائز ہم وطن کا ۔ کمیونٹی کے مسائل بہتر طور پر حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے ۔ جدہ اور ریاض میں متعین سفارتی مشن کے ا فسران اور اہلکاروں کو خصوصی ہدایت کی ہے کہ وہ ہم وطنوں کی بہتر طورپر خدمت کریں اور انہیں ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جائیں ۔ ہر میدان میں بہتری کی ہمیشہ گنجائش رہتی ہے جس کےلئے کمیونٹی اپنی تجاویز سے مطلع کرتی رہے بہتر آراءپر عمل کیا جائیگا ۔ خان ہشام نے مزید کہا کہ اس بات پر فخر ہے کہ مجھے مملکت میں سفیر بنا کر بھیجا گیا ہے ۔ حرمین کا تقدس ہر مسلمان کے لئے مقدم ہے ۔ سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے مثالی برادرانہ تعلقات ہیں جن میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے ۔ ان تعلقات میں مزید اضافہ اور بہتر ی لانے کےلئے کوشاں ہیں۔ ہمارا ہدف ہے کہ دو طرفہ تجارت کو مزید وسعت دی جائے ۔ اس وقت پاک ، سعودی تجارت کا حجم 400 ملین ڈالر ہے جس میں تیزی سے اضافہ کےلئے منظم انداز میں ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے ۔مدینہ اور دمام میں پاکستان قونصلیٹ کے سب آفس قائم کرنے کے لئے بھی حکومتی سطح پر پیش رفت ہوئی ہے جس کے مثبت نتائج جلد برآمد ہونگے ۔ کمیونٹی کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ کمیونٹی کو قانونی مشاورت فراہم کرنے کےلئے ریاض میں محدود پیمانے پر ماہرین کی خدمات فراہم کی جائیں گی تاکہ بہتر طور پر معاملات کو حل کیا جاسکے ۔ پاسپورٹ کی تجدید کے حوالے سے خان ہشام کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ پاسپورٹ کی تجدید کے دورانیہ کو کم کیا جائے جس کےلئے پاکستان میں سفارشات ارسال کریں گے تاکہ لوگوں کو سہولت ہو اور انکے پاسپورٹ جلد وصول ہوسکیں ۔ سفیر پاکستان نے مزید کہا کہ مملکت میں بڑی تعداد میں ہم وطن اپنے اہل خانہ کے ہمراہ مقیم ہیں جن کے بچوں کے تعلیمی معاملات کو بہتر بنانے کےلئے ٹھوس ا نداز میں کوشش کریں گے ۔ مقامی قوانین کو مدنظررکھتے ہوئے مزید شہروں میں کمیونٹی کےلئے تعلیمی ادارے قائم کرنے کی کوشش کی جائیگی ۔