ریاض(نیوز ڈیسک)محکمہ ٹریفک کے ترجمان کرنل طارق الربیعان نے واضح کیا ہے کہ یلو سگنل توڑنا ٹریفک خلاف ورزی نہیں اس پر کوئی چالان نہیں ہوتا، پوری دنیا جانتی ہے کہ یلو سگنل ڈرائیور کو ریڈ سگنل کے قریب ہونے سے آگاہ کرنے اور رکنے کا انتباہ دینے کے لئے ہوتا ہے ۔ وہ سعودی عرب کے بعض اخبارات اورسوشل میڈیا میں گشت کرنے والی ان افواہوں پر تبصرہ کررہے تھے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ یلو سگنل توڑنا ٹریفک خلاف ورزی ہے اور اس پر 500تا 900ریال جرمانہ مقرر کیا گیا ہے نیز گاڑی ضبط کرنا بھی سزا میں شامل ہے۔ الربیعان نے توجہ دلائی کہ سعودی شہری اور مقیم غیرملکی غیر رسمی ذرائع کی جانب سے جاری کی جانے والی باتوں، افواہوں اور من گھڑت کہانیوں پر توجہ نہ دیں۔ دوسری جانب ترجمان نے توجہ دلائی کہ160کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلانے والوں کو مقررہ ٹریفک خدمات سے محروم کردیا جائے گا۔ یہ قانون پرانا ہے تاہم اس پر عملدرآمد نہیں ہورہاتھا ، اب اسے مؤثر کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ۔