’رن وے‘ پر بیٹھ کر کھانا کھاتے مسافر، ممبئی ایئرپورٹ اور انڈیگو ایئرلائن کو شوکاز نوٹس
منگل 16 جنوری 2024 15:27
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
طیارے کو ’کانٹینکٹ سٹینڈ‘ کے بجائے دور دراز جگہ پر پارک کیا گیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
ممبئی ایئرپورٹ پر ٹرماک (طیارہ پارک کرنے کی جگہ) پر بیٹھ کر کھانا کھاتے ہوئے مسافروں کی ویڈیوز وائرل ہوئی ہیں جس کے بعد انڈیا کی وزارت سول ایوی ایشن نے ممبئی ایئرپورٹ اور انڈیگو ایئرلائن کو شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے۔
پیر کو سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز اور تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دھند کے باعث فلائٹ میں تاخیر کے بعد متعدد مسافر طیارے کے نیچے زمین پر بیٹھے کھانا کھا رہے تھے۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق سول ایوی ایشن کے وزیر جیوترادتیہ سندھیا نے اس معاملے پر وزارت کے حکام کے ساتھ رات کو میٹنگ بلائی جس کے بعد انڈیگو ایئرلائن اور ممبئی ایئرپورٹ کو آج صبح نوٹس جاری کیا گیا۔
سول ایوی ایشن کے اہلکار کے مطابق نوٹس میں کہا گیا ’انڈیگو ایئرلائن اور ممبئی ایئرپورٹ مسافروں کے لیے مناسب سہولت کے انتظامات کرنے میں فعال نہیں تھے۔‘
اہلکار نے مزید کہا کہ طیارے کو ’کانٹینکٹ سٹینڈ‘ کے بجائے دور دراز جگہ پر پارک کیا گیا تھا، جس سے مسافر بیت الخلاء اور ریفریشمنٹ جیسی بنیادی سہولیات سے محروم رہے۔ ’کانٹیکٹ سٹیند طیارے کا پارکنگ سٹینڈ ہوتا ہے جو مسافروں کو ایک مختص بورڈنگ گیٹ سے ہوائی جہاز میں آنے اور جانے کے لیے مدد کرتا ہے۔