عمانی عمرہ زائرین کی انشورنس فیس میں کمی، ویزا ایک سال کے لیے ہوگا
جمعرات 18 جنوری 2024 0:03
نسک ایپ کے ذریعے عمرہ اور ریاض الجنہ کا پرمٹ حاصل کرسکتے ہیں (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی وزارت حج و عمرہ نے مدینہ منورہ کی زیارت اور عمرے کے لیے ایئرپورٹس، بندرگاہوں او بری سرحدی چوکیوں کے راستے عمانی زائرین کو سال بھر مملکت میں داخلے سہولت دی ہے۔
سبق ویب کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے’ عمان سے آنے والے زائرین نسک ایپ کے ذریعے عمرہ اور ریاض الجنہ کا پرمٹ حاصل کرسکتے ہیں۔‘
سعودی وزارت نے عمانی زائرین کو نسک ایپ کے ذریعے ویزے کے اجرا اور ویزے میں ایک سال تک توسیع کی سہولت دی ہے۔
عمانی زائرین ایک سال کے دوران مجموعی طور پر نوے روز کے لیے ایک ویزے پر کئی بار آسکیں گے۔
وزارت حج نےعمانی زائرین کے لیے مکمل انشورنس کی قیمت 87.4 ریال سے کم کرکے 64.8 ریال کردی۔
وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے’عمانی شہری ہر طرح کے ویزے پر نسک ایپ کے ذریعے عمرہ پرمٹ جاری کراسکیں گے۔‘