Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جب لوگوں نے کہا تمہارا کیریئر ختم تو میں ڈپریشن میں چلا گیا تھا: وویک اوبرائے

وویک اوبرائے نے بتایا کہ انہوں نے ذہنی دباؤ میں اپنا بہت وقت ضائع کیا ہے (فائل فوٹو: پرائم ویڈیو)
انڈین اداکار وویک اوبرائے نے بالی وڈ میں اپنے کریئر کے آغاز میں ’کمپنی‘، ’ساتھیا‘ اور ’یووا‘ جیسی ہٹ فلمیں دیں لیکن پھر اُن کی قسمت نے پلٹا کھایا اور باکس آفس پر اُن کی فلموں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو میں وویک اوبرائے نے بتایا کہ پہلی بار جب لوگوں نے اُن سے کہا کہ اب ان کا کریئر ختم ہو گیا ہے تو وہ ڈپریشن میں چلے گئے تھے۔
دا انڈین ایکسپریس کے مطابق مرچی پلس کو دیے گئے ایک انٹرویو میں جب اُن سے پوچھا گیا کہ ’آپ نوجوان وویک کو کیا مشورہ دینا چاہیں گے؟‘
تو اداکار نے جواب کچھ یوں دیا کہ ’میرا مشورہ ہو گا کہ کسی بھی چیز کے بارے میں ٹینشن نہ لیں اور جب آپ کو لگتا ہے کہ اس کے بعد دنیا ختم ہو جائے گی تو ایسا نہیں ہوتا۔ سب کچھ عارضی ہے، کچھ بھی مستقل نہیں ہے۔‘
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’آج کامیابی ہے، کل چلی جائے گی۔ آرام کریں، آرام کریں اور لطف اندوز ہوں۔‘
وویک اوبرائے کے بقول انہوں نے ذہنی دباؤ میں اپنا بہت وقت ضائع کیا ہے۔ میں ڈپریشن میں چلا گیا تھا اور میری ذہنی صحت اس وقت بہت خراب ہو چکی تھی۔ پہلی بار جب لوگوں نے مجھ سے کہا کہ بھائی! آپ کا کیریئر ختم ہو گیا ہے، میں بہت زیادہ دباؤ میں تھا۔ میں نے سوچا کہ میں نے تو ابھی (کریئر) شروع کیا ہے، یہ کیسے ختم ہو سکتا ہے۔‘
بالی وڈ اداکار نے بتایا کہ ’اب میں نے ٹینشن لینا چھوڑ دی ہے۔ آج بھی مجھے جو کام ملتا ہے وہ اس کام سے زیادہ ہے جو میں کر سکتا ہوں۔ مجھے آفرز ریجیکٹ کرنا پڑتی ہیں کیونکہ بعض اوقات یہ بطور اداکار میرے لیے مناسب نہیں ہوتا یا اتنا چیلنجنگ نہیں ہوتا۔‘
وویک اوبرائے پرائم ویڈیو کی ویب سیریز ’انڈین پولیس فورس‘ میں نظر آئیں گے جس کے ہدایت کار روہت شیٹی ہیں۔

شیئر: