Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سپریم کورٹ کے ایڈووکیٹ شاہ خاور قائم مقام چیئرمین پی سی بی مقرر

شاہ خاور چار ہفتوں کے اندر چیئرمین پی سی بی کے انتخابات کرائیں گے (فوٹو: پی سی بی)
سپریم کورٹ آف پاکستان کے ایڈووکیٹ اور پی سی بی کے الیکشن کمشنر شاہ خاور نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے اختیارات سنبھال لیے ہیں۔
وزارت بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) کے نوٹیفکیشن اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے آئین کے آرٹیکل 7 کی شک 2 کے مطابق پی سی بی کے الیکشن کمشنر شاہ خاور نے پی سی بی چیئرمین کا عارضی چارج سنبھالا ہے۔
پی سی بی کے آرٹیکل 7 کی شک 2 کہتی ہے کہ چیئرمین کا عہدہ خالی ہوتے ہی تمام اختیارات چیف الیکشن کمشنر کو منتقل ہوجاتے ہیں اور آئینی طور پر چار ہفتوں کے اندر وہ بورڈ کے الیکشن کا عمل مکمل کرنے کے پابند ہوں گے۔
پی سی بی کے مطابق شاہ خاور بورڈ آف گورنرز کی تشکیل  کریں گے اور چار ہفتوں کے اندر چیئرمین پی سی بی کے انتخابات کرائیں گے۔ اگلے چیئرمین کے انتخابت تک شاہ خاور بورڈ کے روز مرہ کے معاملات دیکھیں گے۔
شاہ خاور کا اپنے بیان میں کہنا ہے ’میں پی سی بی کے سرپرست جناب انوار الحق کاکڑ کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ انہوں نے مجھ پر اعتماد کیا۔ میری اولین ذمہ داری ہوگی کہ جلد از جلد چیئرمین پی سی بی کا انتخاب آزادانہ اور شفاف طریقے سے کرایا جائے۔‘

 

شیئر: