’ون اینڈ اونلی پاگل‘ انگلش کرکٹر سیم بلنگز کی حارث رؤف سے ملاقات
جمعرات 25 جنوری 2024 17:08
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
سیم بلنگز پی ایس ایل کی ٹیم لاہور قلندرز کا حصہ رہ چکے ہیں (فوٹو: لاہور قلندرز)
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز سیم بلنگز کی پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف سے دبئی ایئر پورٹ پر ملاقات ہوئی ہے۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اس ملاقات کا کافی چرچہ ہوا جب سیم بلنگز نے اپنے اکاؤنٹ پر حارث رؤف کے ساتھ تصویر شیئر کی جو اس وقت سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
سیم بلنگز نے تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’دیکھو دبئی ایئر پورٹ پر میری ملاقات کس سے ہوئی، ون اینڈ اونلی پاگل، میرا بھائی حارث رؤف۔‘
کرکٹ فینز اور سوشل میڈیا صارفین حارث رؤف اور سیم بلنگز کی ملاقات کے بعد پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کی جیت کو یاد کر رہے ہیں۔
پی سی ٹی فین نامی اکاؤنٹ نے اپنی پوسٹ میں لکھا ’کیوٹ، اس بار پی ایس ایل کے لیے سائن اپ کیوں نہیں کیا؟ لاہور قلندرز سیم بلنگز کے ہوتے ہوئے بہتر تھی۔‘
ایکس صارف اسرار احمد ہاشمی لکھتے ہیں کہ ’مست ہوا برباد ہوا گانے کی ایک اور یادگار ویڈیو بنانے کے لیے آپ دونوں کی ضرورت ہے۔‘
سعد نے تبصرہ کیا ’کیا اب ہم ڈو آف آل پاگل کہہ سکتے ہیں؟‘ جس پر سیم بلنگز نے جواب دیا کہ ’دونوں بڑے پاگل۔‘
یاد رہے اس سے قبل دونوں کھلاڑیوں نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم لاہور قلندرز میں ایک ساتھ پرفارم کیا تھا اور دونوں متعدد بار اردو زبان میں ایک دوسرے سے ہنسی مذاق کرتے بھی دیکھے گئے تھے۔