جالندھر۔۔۔۔دہلی یونیورسٹی کی طالبہ گل مہر کورنے نوجوانوں کی ایک تنظیم’’فیوچرٹیلنٹ سوسائٹی‘‘جوائن کرلی ہے اور وہ اس کی نائب صدر بن گئی ہیں۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ملک میں آزادی اظہار کو خطرہ لاحق ہے۔رامجس کالج میں ہونیوالے فسادات کے بعد انہوں نے جو خطاب کیا تھا اس کے بعد سے گل مہر میڈیا سے دور تھیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ہم سخت دور سے گزررہے ہیں اور انہیں اسکا اعتراف کرنا چاہئے۔ رامجس کالج میں ہونیوالے تنازع نے میری زندگی ہمیشہ کیلئے تبدیل کردی ہے۔ اب میں بہت زیادہ مصروف ہوگئی ہوں اور مجھے بہت کام کرنا ہے۔ اخبارات کی آزادی کو دبایا جارہا ہے اور میڈیا پر دباؤ ڈالا جارہا ہے کہ وہ خاص مقصد کیلئے استعمال ہوں۔ ہم جیسے نوجوانوں کو اٹھ کھڑے ہونا چاہئے اور اظہار رائے کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ میرے پرانے دوستوں نے یہ تنظیم قائم کی ہے اور میں اس کا حصہ بننے پر خو ش ہوں۔میں ان لوگوں سے تعلق رکھتی ہوں جو ظلم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوتے ہیں۔