’مجھے تو والد پتھروں سے مارتے تھے، ملازم سے معافی مانگی تو وہ رونے لگا‘
’مجھے تو والد پتھروں سے مارتے تھے، ملازم سے معافی مانگی تو وہ رونے لگا‘
جمعہ 2 فروری 2024 16:42
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
راحت فتح علی خان نے کہا کہ میں نے فوری طور پر اپنے ملازم نوید سے معافی مانگ لی تھی (فوٹو: عدیل آصف)
پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان نے اپنے ملازم پر تشدد کے واقعے پر معافی مانگنے کے بعد ایک بار پھر سے وضاحت کی ہے کہ ان کی ’گم ہو جانے والی بوتل‘ میں دم کیا ہوا پانی تھا۔
یوٹیوبرعدیل آصف کے ساتھ ایک پوڈ کاسٹ میں راحت فتح علی خان نے بتایا کہ ’میں نے فوری طور پر اپنے ملازم نوید سے معافی مانگ لی تھی۔ میرے معافی مانگنے کے بعد وہ رونے لگے کہ استاد جی آپ ایسا کیوں کر رہے ہیں؟‘
راحت نے بتایا کہ ماضی میں انہوں نے نوید کی مالی مدد کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے نوید کے والد کے دل کے علاج اور اس کی بیٹی کے آپریشن کے اخراجات ادا کیے تھے، یہاں تک کہ اس کے خاندان کی شادیوں میں بھی میں نے اس کی مدد کی ہے۔‘
گلوکار نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ’یہ سچ ہے کہ بوتل میں مقدس پانی تھا، لوگ اس جذبے کی گہرائی کو نہیں سمجھتے، یہ ایک روحانی چیز ہے اور میرے لیے بہت بڑی بات تھی۔‘
راحت فتح علی خان نے پوڈ کاسٹ میں اپنے بچپن کے بارے میں بھی بتایا اور کہا ’میرے والد فرخ فتح علی خان مجھے بہت مارتے تھے، وہ ہٹلر جیسے تھے، اگر انہیں کبھی میری کسی غلطی کا علم ہو جاتا تو وہ مجھے پتھر مارتے تھے۔‘
جب راحت فتح علی خان سے پوچھا گیا کہ کیا انہیں طالب علمی کے زمانے میں کبھی مارا پیٹا گیا تھا، تو انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ میں بھی ایسے ہی حالات میں رہا ہوں۔
راحت کا شمار لیجنڈ گلوکار نصرت فتح علی خان کے شاگردوں میں ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’استاد نصرت فتح علی خان صاحب بہت سخت تھے، وہ صرف ایک نظر ڈالتے تھے اور سامنے موجود شخص کو معلوم ہوجاتا تھا کہ اب ان کی خیر نہیں۔ جب موسیقی کی بات آتی ہے تو میں نے ان جیسا سخت کسی کو نہیں دیکھا۔‘
واضح رہے ملازم پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد راحت فتح علی خان نے ایک ویڈیو بیان جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ’یہ ایک طالب علم اور استاد کا ذاتی معاملہ ہے اور وہ میرے بیٹے جیسا ہے، اگر کوئی شاگرد کچھ اچھا کرتا ہے تو میں اس پر اپنی محبت کی بارش کرتا ہوں، اگر اس نے کچھ غلط کیا تو اسے سزا دی جائے گی۔‘
اسی ویڈیو میں گلوکار کے ملازم نوید نے کہا کہ ’راحت صاحب میرے والد کی طرح ہیں وہ ہم سے بہت پیار کرتے ہیں۔ جس نے بھی اس ویڈیو کو پھیلایا وہ میرے استاد کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔‘
اس ویڈیو بیان پر راحت فتح علی خان کو سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا، جس کے بعد انہوں نے ایک اور ویڈیو بیان جاری کیا جس میں وہ اپنے رویے پر شرمندگی کا اظہار کرتے نظر آئے اور سب سے معافی بھی مانگی۔