ووٹ کا حق ضرور استعمال کریں، شوبز شخصیات کی اپیل
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ عام انتخابات میں اپنا حق رائے دہی ضرور استعمال کریں۔
معروف گلوکار وارث بیگ نے کہا ہے کہ ’میں بزرگوں، خواتین اور نوجوانوں سب سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ 8 فروری کو گھروں سے نکلیں اور اپنا ووٹ ضرور ڈالیں۔‘
’آپ اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے سے قبل یہ ضرور دیکھ لیں کہ جسے آپ ووٹ دے رہے ہیں اُس نے پاکستان کے لیے کیا کیا ہے، 8 فروری فیصلے کا دن ہے میں چاہوں گا کہ آپ ملک کو آگے لے کر چلیں۔‘
گلوکارہ مہک علی کا کہنا ہے کہ ’ووٹ ڈالنا ہر شہری کا بنیادی حق ہے، آپ جسے مرضی سپورٹ کریں، آپ اپنی مرضی سے جس پارٹی کو چاہیں بے خوف ہو کر ووٹ دیں۔‘
’آج کا پاکستانی شعور اور عقل رکھتا ہے، اپنی ذات کے لیے پاکستان کے مستقبل کے لیے اپنا حق رائے دہی ضرور استعمال کریں۔ پاکستان زندہ باد۔‘
سینیئر اداکار ایاز خان کہتے ہیں کہ ’اس وقت عوام میں بہت نااُمیدی ہے، اللہ کرے کہ یہ الیکشن ملک کے لیے بہتر ثابت ہو۔ اگر ہم قوم بن کر یکجا ہو جائیں تو پھر ہمارے دل سے نکلے گا پاکستان زندہ باد۔‘
اداکار پرویز صدیقی نے کہا کہ ’اب 8 فروری کے الیکشنز کے بعد پاکستان کو ایسے لیڈر کی ضرورت ہے جو ملک کو قائداعظم کے ویژن کے مطابق آگے لے کر چلے۔‘
اداکارہ سونیا راؤ نے عوام سے اپیل کی کہ ’وہ 8 فروری کو گھروں سے نکلیں اور اپنے ووٹ کا دُرست استعمال کریں، ہم نے آج سے پہلے ووٹ نہ دے کر یا غلط ووٹ دے کر بہت نقصان اٹھایا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کریں اور کسی ایسے انسان کو منتخب کریں جو اپنی ذات سے پہلے اس ملک کے بارے میں سوچتا ہو تاکہ ہمارا مستقبل بہتر ہوسکے۔‘
سونیا راؤ نے مزید کہا کہ ’ووٹ ہمارا حق ہے اور یہ ہم پر فرض ہے، اور اس کا درست استعمال کرنا بہت ضروری ہے۔‘
اداکار شکیل شاہ کا کہنا ہے کہ ’جس شخص کو مہنگائی اور لوڈشیڈنگ کا پتا نہ ہو وہ آپ کے مسائل کیا حل کرے گا، لہٰذا جو ہمارے بچوں کو اچھی تعلیم دیں، جو لوڈشیڈنگ، مہنگائی اور بے روزگاری ختم کریں ایسے لوگوں کو منتخب کریں۔‘
’گذشتہ انتخابات سے سبق حاصل کریں اور ووٹ ڈالنے ضرور جائیں، آپ کے ووٹ نہ ڈالنے سے غلط لوگ اکثریت میں آسکتے ہیں۔‘