مملکت کی سطح پر پہلا ورچول پولیس سینٹرقائم کردیا، ترجمان امن عامہ
عوامی مقام پرکسی بھی واقعے کی فوری اطلاع دی جاسکے گی(فوٹو، ایکس )
ادارہ امن عامہ کے ترجمان میجر خالد الکریدیسی کا کہنا ہے کہ لوگوں کی سہولت کے لیے مملکت میں پہلی بار ورچول پولیس سینٹر قائم کردیا گیاہے۔
عاجل نیوز کے مطابق سعودی ٹی وی الاخباریہ سے گفتگو کرتے ہوئے میجر خالد الکریدیسی نے مزید بتایا کہ مملکت کی سطح پر پہلی بار قائم ہونے والے ورچول پولیس سینٹر سے لوگوں کو یہ سہولت ہوگی کہ وہ کسی بھی واقعے کی آن لائن شکایت درج کرا سکیں گے۔
میجر الکریدیسی ریاض میں منعقدہ عالمی دفاعی نمائش 2024 میں ادارہ امن عامہ کے اسٹال پر ادارے کی نمائندگی کررہے تھے ۔
ورچول پولیس سینٹر کے حوالے سے میجر الکریدیسی کا مزید کہنا تھا کہ عوامی مقامات پرفوری پیش آنے والےکسی بھی واقعے کی فوری رپورٹ درج کرانے کے لیے فراہم کی جانے والی سہولت میں لوگوں کو یہ فائدہ ہوگا کہ وہ براہ راست ڈیوٹی آفیسر سے رابطہ کر سکیں گے۔
واقعے کی ابتدائی رپورٹ ’ایف آئی آر‘ بھی درج کرائی جاسکے گی ۔ ورچول پولیس سینٹر مملکت کے ویژن 2030 کے اہداف کی جانب پیش قدمی ہے ہماری کوشش ہے کہ عوام الناس کو بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں۔