آستانہ ...وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ تنازعات اور عداوت کی زہر آلود فصل نہیں بونی چاہیئے۔ خطے کی قیادت آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کیلئے امن و سلامتی کو یقینی بنائے۔آساتانہ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے چینی صدر کی طرف سے ایس سی او کے رکن ملکوں کے درمیان طویل المدت اچھی ہمسائیگی کے معاہدے کا خیر مقدم کیا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان علاقائی تعاون کے فروغ میں موثر کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔ ترقی کے حصول کے لئے ملکر آگے بڑھنا ہو گا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان دہشت گردی او ر انتہا پسندی کے ناسور سے نمٹنے کے لئے ایس سی او کے چارٹر کا حصہ ہے۔ پاکستان نے بھی عالمی دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف بھرپور کاروائی کی ہے۔ ملکی سلامتی اور معیشت میں نمایاں بہتری لانے میں کامیاب ہوئے ۔ آج پاکستان کے لئے تاریخی دن ہے۔پاکستان مکمل رکن کی حیثیت سے تنظیم کا حصہ بن رہا ہے۔