سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ریو ڈی جنیرو میں جی 20 اجلاس کے موقع پر کہا کہ ’جی 20 ممالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ غزہ میں ہونے والی تباہی کے خاتمے کے لیے فیصلہ کن کارروائی کریں جس سے علاقائی امن و خوشحالی کے ساتھ عالمی اقتصادی استحکام کو بھی فوری خطرات لاحق ہیں۔‘
عرب نیوز کے مطابق انہوں نے غزہ کی پٹی میں ہونے والے مظالم کی مذمت کی اہمیت کا بھی اعادہ کیا۔
انہوں نے جی 20 ممالک پر زور دیا کہ’ وہ غزہ میں جنگ کے خاتمے کےلیے بامعنی اقدامات کے لیے دباو ڈالیں۔ دو ریاستی حل کی جانب قابل اعتماد اور ناقابل واپسی عمل کی سپورٹ کریں۔‘
سعودی وزیر خارجہ نے بین الاقوامی سطح پر اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیےعالمی اداروں کے عزم کی اہمیت اور خاص طور پر غزہ کی پٹی کی المناک صورتحال سے نمٹنے کےلیے اپنے موقف کے واضح ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔