Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوم تاسیس: سعودی شہری نے اپنے مکان کو میوزیم میں بدل دیا

مختلف ادوار میں استعمال ہونے والے 150 ٹیلی فون سیٹس بھی رکھے گئے ہیں (فوٹو: العربیہ)
سعودی عرب کے یوم تاسیس کے موقع پر الخرج شہرمیں مقیم ایک سعودی شہری نے اپنے مکان کو نادر اشیا کے میوزیم میں تبدیل کر دیا۔ شہری کا مکان بھی تقریبا نصف صدی قدیم ہے۔
العربیہ نیوز کے مطابق سعودی عرب کے وسطی علاقے ’الخرج‘ میں رہنے والے ایک سعودی شہری نے اپنے مکان کے بڑے حصے میں مملکت کی قدیم اشیا سجا کر اسے یوم تاسیس کے موقع پر عوام کے لیے میوزیم کے طورپر کھول دیا ہے۔
اپنے گھر کو میوزیم میں بدلنے والے سعودی شہری محمد النھیو کا کہنا تھا کہ مکان جو تقریباً 50 برس پرانا ہے اس کے 14 کمروں کو میوزیم میں بدل دیا ہے جہاں مملکت کے مختلف علاقوں میں عہد رفتہ کی اشیا کو اکھٹا کیا گیا ہے۔
شہری نے مزید بتایا کہ میوزیم میں رکھی گئی قدیم اشیا میں 150 پرانے ٹیلی فون سیٹس کو جمع کیا گیا ہے جو مختلف ادوار میں سعودی عرب میں استعمال ہوتے رہے تھے۔

عہد رفتہ کا عروسی کمرہ زائرین کے لیے خصوصی دلچسپی کا حامل ہے(فوٹو، العربیہ )

سعودی قہوے کے حوالے سے بھی ایک خصوصی کمرہ بنایا ہے جہاں قہوہ کو پیش کرنے والے خصوصی روایتی برتنوں کو جمع کیا ہے جن میں سے بعض برتن ایک سو سال پرانے ہیں۔
نجی میوزیم میں ایک کمرہ پرانے طرز کی دکان کا منظر بھی پیش کر رہا ہے جہاں مختلف ادوار میں رائج اشیائے خورونوش رکھی گئی ہیں۔

مکان کے 14 کمروں کو میوزیم کے لیے مخصوص کیا ہے(فوٹو، العربیہ نیٹ)

میوزیم کا بڑا حصہ نئے شادی شدہ جوڑے کے کمرے کے طورپر تیار کیا گیا ہے جوماضی میں بہت اہمیت کا حامل ہوا کرتا تھا جسے ’دلہن کا کمرہ ‘ کہا جاتا تھا۔
علاوہ ازیں پرانے زمانے میں گھروں کے باورچی خانوں کے ماڈلز اور کھانا پکانے کے چولہے وغیرہ بھی رکھے گئے ہیں۔ حجام اور لکڑی کا کام کرنے والی دکانوں کی مجسم عکاسی بھی کی گئی ہے۔

شیئر: