Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: میاں اسلم اقبال کی گرفتاری کا خدشہ، سُنی اتحاد کونسل کا وزیراعلٰی کا امیدوار تبدیل

قومی اسمبلی میں نئی پارٹی پوزیشن جاری، کس جماعت کے کتنے ارکان؟
لائیو: سندھ اسمبلی کے ارکان نے حلف اٹھا لیا، جی ڈی اے اور جے یو آئی کا احتجاج
حکومت سازی کے مراحل، ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں استحکام
تحریک انصاف یا سنی اتحاد کونسل، سپیکر پنجاب اسمبلی کے مخمصے میں حلف برداری مکمل
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

میاں اسلم اقبال کی گرفتاری کا خدشہ، سُنی اتحاد کونسل کا وزیراعلٰی کا امیدوار تبدیل 

سنی اتحاد کونسل نے وزیراعلٰی پنجاب کے لیے میاں اسلم اقبال کی جگہ رانا آفتاب احمد خان کو نامزد کر دیا ہے۔

سنیچر کی رات کو سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ’میاں اسلم اقبال کو بانی چیرمین عمران خان نے وزیراعلٰی پنجاب کے عہدے کے لیے نامزد کیا تھا۔ ان کو گرفتار کرنے لے لیے سارے صوبے کی پولیس اسمبلی کے گرد موجود ہے۔‘
’اس صورتحال میں میاں اسلم اقبال کی مشاورت سے پارٹی قیادت نے وزیراعلٰی کے انتخاب کے لیے رانا آفتاب احمد خان کو نامزد کیا ہے۔ رانا صاحب پانچ مرتبہ ممبر صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے اور ایوان میں سینیئر ترین آدمی ہیں۔‘
حماد اظہر کا مزید کہنا تھا کہ ’فارم 45 کے مطابق ان کے پاس 212 سے زائد ممبران کی حمایت حاصل ہے۔ جمہوریت کا شب خون مارنے والی ن لیگ کے پاس صرف 40 کے قریب حقیقی ممبرز ہیں اور باقی تمام مسترد شدہ نو فروری کی جعل سازی کی پیداوار ہیں۔‘
خیال رہے کہ آٹھ فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدواروں نے آزاد حیثیت میں حصہ لیا تھا۔ الیکشن کمیشن کے قوانین کے مطابق آزاد جیتنے والے امیدواروں کو گزٹ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے تین دن کے اندر کسی جماعت میں شمولیت اختیار کرنا ہوتی ہے۔ یوں پی ٹی آئی کے یہ امیدوار سنی اتحاد کونسل میں شامل ہو گئے ہیں۔
خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس بدھ کو طلب، نو منتخب ارکان حلف اٹھائیں گے

خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس بدھ کو دن 11 بجے طلب کر لیا گیا ہے۔ سنیچر کو گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے اسمبلی کا اجلاس بلانے کی سمری پر دستخط کیے۔
جمعے کو نگراں وزیرِ اعلٰی خیبر پختونخوا ارشد حسین نے گورنر کو سمری ارسال کی تھی۔
28 فروری کو بدھ کے دن صوبائی اسمبلی کے نو منتخب ارکان حلف اٹھائیں گے۔
سپیکر کے پی اسمبلی مشتاق احمد غنی نو منتخب ارکان سے حلف لیں گے۔
سندھ میں دھاندلی کا الزام لگانے والے ثبوت تو پیش کریں، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انتخابات میں دھاندلی کے خلاف کراچی میں ہونے والے احتجاج کے متعلق کہا کہ سندھ میں دھاندلی کا الزام لگانے والے ثبوت تو پیش کریں۔
بلاول بھٹو نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا ’پاکستان میں معاشی بحران ہے اور جس طرح سے ماحول پیدا کیا جا رہا ہے، کچھ سیایسی جماعتیں اس کا غلط فائدہ اٹھا رہی ہیں۔ ہم یہ نہیں ہونے دیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ پارلیمان میں یا باہر تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت کے حق میں ہیں لیکن اگر کوئی یہ چاہتا ہے کہ وہ انتخابات کے دوران اپنے کارکنوں کی ہلاکت یا جس طرح سے ان کی سیٹ پر ڈاکہ مارا گیا، ان معاملات پر خاموش رہیں تو ایسا نہیں ہوگا۔
وزارت عظمیٰ کے امیداوار کو ووٹ دینے کے حوالے سے بلاول بھٹو نے کہا کہ ’شہباز شریف ہمارا بھی شکریہ ادا کریں گے اور پی ٹی آئی کو بھی شکریہ کہیں گے۔ میرے خیال میں عمران خان نے خود فیصلہ کیا کہ شہباز شریف کے مقابلے میں کسی امیدوار کو نہیں کھڑا کریں گے۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس، سپیکر سبطین خان کی سربراہی میں پولنگ کا عمل شروع
پنجاب اسمبلی کا اجلاس سپیکر سبطین خان کی سربراہی میں جاری ہے۔ اسمبلی کا اجلاس 1 گھنٹہ 33 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔
سپیکر نے چار نو منتخب ارکان سے حلف لیا جس کے کچھ دیر بعد سپیکر کے انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل شروع ہوا۔
سپیکر کے انتخاب کے بعد خفیہ رائے شماری کے ذریعے ڈپٹی سپیکر کو منتخب کیا جائے گا۔
سیکریٹری اسمبلی عامر حبیب نے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کا طریقہ کار ایوان میں بتایا۔
طریقہ کار کے مطابق ایوان میں دائیں جانب تین بوتھ بنائے گئے ہیں جس میں پی پی ون سے 125 تک ممبران ووٹ ڈالیں گے۔ بائیں جانب پولنگ بوتھ نمبر دو میں پی پی 126-250 اور تین میں پی پی 251-371 تک ووٹ ڈالیں گے۔
پنجاب اسمبلی کے احاطے سے کسی کو گرفتار نہیں ہونے دوں گا، سپیکر سبطین خان

اجلاس شروع ہونے سے قبل سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی کے احاطے سے اگر کسی کو گرفتار کیا گیا تو وہ ایسا نہیں ہونے دیں گے۔
سپیکر سبطین خان نے کہا کہ مال روڈ اور چیئرنگ کراس پنجاب اسمبلی کی اتھارٹی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی نے اب تک پروڈکشن آرڈر کی درخواست نہیں کی، میاں اسلم اقبال نے ابھی تک حلف نہیں اٹھایا اور پشاور ہائی کورٹ کی ہدایت پر وہ آئیں گے۔
پنجاب اسمبلی میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب آج ہو گا

پنجاب اسمبلی میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب آج ہو گا جس کے لیے پاکستان مسلم لیگ ن اور سنی اتحاد کونسل نے اپنے امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔
ارکان اسمبلی خفیہ رائے شماری کے ذریعے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب کریں گے۔
سپیکر کے لیے مسلم لیگ ن کے ملک محمد احمد خاں اور سنی اتحاد کونسل کے ملک احمد خاں بچھڑ کے درمیان مقابلہ ہو گا۔
ڈپٹی سپیکر کے لیے ن لیگ کے ملک ظہیر اقبال چنڑ اور سنی اتحاد کونسل کے معین ریاض کے  درمیان مقابلہ ہو گا۔
پنجاب اسمبلی میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے لیے پولنگ بوتھ قائم

پنجاب اسمبلی میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے لیے دو پولنگ بوتھ قائم کر دیے گئے۔
سیکریٹری پنجاب اسمبلی نے کہا ہے کہ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے حوالے سے اسمبلی سیکریٹریٹ نے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔
بوتھ کے اردگرد پردے لگا کر رازداری کو یقینی بنایا گیا ہے۔
جے یو آئی سندھ کے احتجاجی کاررواں پر فائرنگ اور شیلنگ کی گئی، مولانا سمیع الحق سواتی
جمعیۃ علماء اسلام صوبہ سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات مولانا سمیع الحق سواتی نے کہا ہے کہ ان کے احتجاجی کارواں پر فائرنگ، شیلنگ اور پتھراؤ کیا گیا ہے۔
ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات مولانا سمیع الحق کے مطابق جے یو آئی سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو بھی زخمی ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مولانا راشد محمود سومرو پر حملے کے ذمہ دار وزیراعلٰی اور آئی جی سندھ ہیں۔
پریس کلب جانے سے روکنے پر جے یوآئی کارکنان نے شاہراہ فیصل نرسری پر دھرنا دے دیا۔
مولانا سمیع الحق نے کہا کہ احتجاجی کارراں پریس کلب جانا چاہتا ہے، ان کا  راستہ کیوں روکا جا رہا ہے ۔
پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بیرسٹر گوہر کے خلاف بیان بازی کرنے پر شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
پارٹی کے مطابق شیر افضل کے بیان کی وجہ سے تناؤ کی صورتحال بنی۔
پارٹی کی جانب سے شیر افضل کو دو روز میں معافی جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ٹی آئی کے مطابق جواب نہ دینے یا غیر مطمئن جواب کی صورت میں پارٹی پالیسی کے مطابق ایکشن لیا جائے گا۔

شیئر: