Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلم ’آدوجیویتھم‘ ملیالم سنیما کی ’لارنس آف عربیہ‘ ہے: اے آر رحمان

معروف انڈین میوزک ڈائریکٹر اور کمپوزر  اے آر رحمان نے ملیالم سنیما کے ڈائریکٹر بلیسی کی نئی آنے والی فلم ’آدوجیویتھم‘ (دی گوٹ لائف) کو ملیالم کی ’لارنس آف عربیہ‘ قرار دیا ہے۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق اے آر رحمن فلم ’آدوجیویتھم‘ (دی گوٹ لائف) کی ویب سائٹ کی لانچنگ کی تقریب میں موجود تھے۔
اس فلم میں پرتھوی راج سوکمارن مرکزی کردار میں نظر آئیں گے۔ اس موقعے پر اے آر رحمان نے ملیالم سنیما میں واپسی کے بارے میں بات کی اور فلم کی تعریف کرتے ہوئے اسے ملیالم ’لارنس آف عربیہ‘ کہا۔
میوزک ڈائریکٹر اور کمپوزر  اے آر رحمان نے کہا ’میں ’یوددھا‘ کے بعد ملیالم سنیما میں واپس آ رہا ہوں۔ میں نے اس سے پہلے فہد فاصل کے ساتھ ایک مختصر دورانیے کی فلم کی تھی۔ لیکن یہ ایک طرح سے ایک موسیقار کی، ایک میوزک کمپوزر کی فلم ہے جس کے لیے میرے بہت زیادہ جذبات ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے بلیسی، مسٹر بینیامین، پرتھوی راج اور پوری ٹیم کے ساتھ کام کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ ان سب نے فلم میں اپنی جان کھپائی ہے۔‘
’ان کو دیکھ کر ملیالم سنیما سے متعلق میرے اعتماد کی تصدیق ہوتی ہے۔‘
اے آر رحمان نے کہا ’مسٹر بلیسی اور ٹیم نے ملیالم ’لارنس آف عربیہ‘ بنائی ہے۔ مجھے امید ہے کہ آپ اس فلم سے لطف اندوز ہوں گے اور ہمارا ساتھ دیں گے۔‘
پرتھوی راج کی فلم ’آدوجیویتھم‘ (دی گوٹ لائف) 28 مارچ کو ریلیز ہو گی۔
 ’ویژول رومانس‘ کی اس فلم میں ہالی وُڈ اداکار جمی جین لوئس، امالا پال اور کے آر گوکل جیسے انڈین اداکاروں کے علاوہ معروف عرب اداکاروں جیسا کہ طالب البلوشی اور رک ایبی بھی اہم کرداروں میں ہیں۔

شیئر: