Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اڈیالہ جیل پر حملے کا منصوبہ ناکام، تین دہشت گرد گرفتار: پولیس

راولپنڈی پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اڈیالہ جیل پر حملے کے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔
بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب راولپنڈی پولیس چیف خالد ہمدانی نے ایکس پر اپنے بیان میں بتایا کہ ’اڈیالہ جیل کو بڑی تباہی سے بچا لیا گیا، تین دہشت گرد بھاری اسلحہ اور بارود سمیت گرفتار۔‘

سی پی او راولپنڈی کے مطابق ’دہشتگردوں کے قبضے سے اڈیالہ جیا کا نقشہ، خودکار اسلحہ اور بڑی مقدار میں گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔‘
پولیس کا کہنا ہے ملزمان اڈیالہ جیل پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے اور خفیہ اطلاع ملنے پر ان کے خلاف کارروائی کی گئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزموں سے تفتیش کی جا رہی ہے جبکہ اڈیالہ جیل کے اطراف میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
ترجمان راولپنڈی پولیس سجاد الحسن کے بقول ’اڈیالہ جیل کے اندر اور باہر چاروں اطراف سکیورٹی کے فول پروف انتظامات ہیں، تاہم ان کو اب مزید سخت کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے جنوری میں اڈیالہ جیل کو بم سے اُڑانے کی دھمکی آمیز کال موصول ہوئی تھی جس کے بعد سکیورٹی مزید بڑھا دی گئی تھی۔
دھکمی آمیز کال کی تحقیقات کے بعد بتایا گیا تھا کہ وہ افغانستان کے نمبر سے کئی گئی تھی۔ 

اڈیالہ جیل میں قید اہم شخصیات 

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں اس وقت مجموعی طور پر سات ہزار سے زائد قیدی ہیں جبکہ ملک کی اہم سیاسی شخصیات بھی وہاں پابند سلاسل ہیں۔
سابق وزیراعظم عمران خان، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود، سابق وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری بھی اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔

شیئر: