بالی وڈ کے ستارے ایک مرتبہ پھر سے جام نگر کیوں پہنچ گئے؟
بالی وُڈ اور ہالی وُڈ کے مشترکہ رنگوں میں رنگا یہ جشن یکم مارچ سے تین مارچ تک جاری رہا (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کے سب سے امیر شخص اور کاروباری مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی شادی سے قبل ریاست گجرات کے شہر جام نگر میں تین روزہ جشن (پری ویڈنگ سلیبریشنز) منایا گیا جس نے دنیا بھر کے میڈیا اور سوشل میڈیا کی توجہ اپنی جانب کھینچ لی۔
اننت امبانی اور اُن کی ہونے والی اہلیہ رادھیکا مرچنٹ کی شادی کے جشن میں مختلف ممالک کے ٹاپ کلاس سلیبریٹیز سمیت ملکی سربراہان نے بھی شرکت کی۔
بالی وُڈ اور ہالی وُڈ کے مشترکہ رنگوں میں رنگا یہ جشن یکم مارچ سے تین مارچ تک جاری رہا جہاں شاہ رخ خان، سلمان خان، عامر خان، ریانا اور اُدت نرائن سمیت کئی میگا سٹارز نے فن کا مظاہرہ کیا۔
اسی سلسلے میں انڈین میڈیا میں ایک مرتبہ پھر سے خبریں گردش کر رہی ہیں کہ اس جشن کے ختم ہونے کے بعد بالی وُڈ کے کئی فنکار ایک مرتبہ پھر جام نگر پہنچ گئے ہیں۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق بدھ کو رنویر سنگھ، شاہ رخ خان، سلمان خان، جہانوی کپور، اریجیت سنگھ سمیت باقی کئی فنکار اور گلوکار جام نگر پہنچ گئے۔
بالی وُڈ کے یہ تمام فنکار اسی شادی کی ایک اور تقریب میں شرکت کے لیے پہنچے ہیں جہاں وہ امبانی فیملی اور اُن لوگوں کے لیے پرفارم کریں گے جنہوں نے شادی کی تقریب کو منعقد کیا ہے۔
اس تقریب کو ’جام نگر فیملی‘ کا نام دیا گیا ہے جس میں مکیش امبانی کی کمپنی ’ریلائنس‘ کے ملازمین اور سٹاف ورکرز جو جام نگر میں کام کرتے ہیں وہ ستاروں سے سجے اس جشن سے لطف اندوز ہوں گے۔
بالی وُڈ کے اداکار ایک ہفتے میں دوسری مرتبہ اس ساحلی شہر پہنچے ہیں جہاں وہ مقامی لوگوں اور جام نگر میں ریلائنس فیملی کے ملازمین کے لیے پرفارم کریں گے۔
اس بالی وُڈ شو میں اننت امبانی کے ونتارا اینیمل ہسپتال کے ملازمین بھی شرکت کریں گے۔
اس تقریب میں شریک تمام مہمانوں کے لیے وہ ہی کھانے مینیو میں شامل کیے گئے ہیں جو شادی کے تین روزہ جشن میں تیار کیے گئے تھے۔
خیال رہے اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی رواں برس 12 جولائی کو ہوگی۔