جدہ.....منتخب اشیاءپر ٹیکس نافذ ہونے سے ایک دن پہلے منافع خور تاجروں نے سیگریٹ فروخت کرنا بند کردیا۔ وزارت تجارت وسرمایہ کاری کے علاوہ زکوٰة وآمدنی بورڈ کی منصوعی بحران پیدا کرنے والوںپر جرمانے عائد کرنے کی دھمکیاں کسی کام نہ آئیں۔ عکاظ اخبار کی تفصیلات کے مطابق منتخب اشیاءپر ٹیکس نافذ ہونے سے ایک دن پہلے دکانوں کے علاوہ ہول سیل اداروں میں سگریٹ کا مصنوعی بحران پیدا کیا گیا۔ منافع خور تاجروں نے نئی قیمت پر سگریٹ فروخت کرنے کے لئے سگریٹ کا ذخیرہ کرلیا۔ صارفین جدہ ، ریاض، دمام اور دیگر شہروں کے بقالوں اور سپر مارکیٹوں میں سگریٹ کے لئے مارے مارے پھرتے رہے جبکہ ٹیکس کے نفاذ سے پہلے وزارت تجارت اور زکوٰة وآمدنی بورڈ نے اعلامیہ جاری کرکے ہول سیل تاجرو ں اور دکانداروں کو خبر کیا تھا کہ مصنوعی بحران پیدا کرنے پر 10ہزارریال تک جرمانہ عائد ہوگا مگر اس کے باوجود ہفتہ کو سگریٹ کا بحران رہا۔ عکاظ اخبار کے سروے کے مطابق بقالے والوں کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس سگریٹ کا ذخیرہ ختم ہوگیا ہے جبکہ ہول سیل اداروں نے روزانہ کا کوٹہ فراہم نہیں کیا جبکہ ہول سیل تاجروں کا کہنا تھا کہ ٹیکس کے نفاذ سے پہلے گوداموں میں سگریٹ کی موجودہ مقدار کی گنتی کی جارہی ہے۔