Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سابق سری لنکن کرکٹر لہیرُو تھریمنے کار حادثے کا شکار، حالت خطرے سے باہر

لہیرُو تھریمنے نے 2023 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
سری لنکا کے سابق کپتان اور بیٹر لہیرُو تھریمنے کار حادثے کا شکار ہوگئے ہیں۔
کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ ’کرک اِنفو‘ کے مطابق لہیرُو تھریمنے کا جمعرات کی صبح انورادھاپورا شہر میں کار حادثہ ہوگیا۔
لہیرُو تھریمنے کو لگی چوٹوں کی اب تک تصدیق نہیں ہو سکی تاہم وہ ابھی انورادھاپورا ٹیچنگ ہسپتال میں داخل ہیں جہاں اُن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
سابق کرکٹر کے ساتھ کار میں ایک اور شخص بھی سوار تھا جو اسی ہسپتال میں داخل ہے۔
تھریمنے مذہبی سفر (یاترا) پر جا رہے تھے کہ اسی دوران دوسری جانب سے آنے والے گاڑی سے اُن کی کار ٹکرا گئی۔
لہیرُو تھریمنے نے سری لنکا کے لیے 2010 میں ڈیبیو کیا تھا۔
وہ سری لنکا کی 44 ٹیسٹ میچوں، 127 ون ڈے اور 26 ٹی20 میچوں میں نمائندگی کر چکے ہیں۔
انہوں نے سری لنکا کی تین ٹی20 ورلڈ کپ اور دو ون ڈے ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں نمائندگی کی۔
لہیرُو تھریمنے 2014 میں ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے والی سری لنکن ٹیم کا حصہ تھے۔
بائیں ہاتھ کے بیٹر نے سری لنکا کی پانچ ون ڈے میچوں میں قیادت کی جبکہ انہوں نے آخری مرتبہ قومی ٹیم کے لیے مارچ 2022 میں میچ کھیلا۔
واضح رہے کہ لہیرُو تھریمنے نے 2023 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔

شیئر: