Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی میں ایئر فورس کا افسر ظاہر کر کے فراڈ کرنے والا ملزم گرفتار

پولیس کے مطابق ’ملزم ذیشان نے تین امیر خواتین سے شادی کی اور کروڑوں روپے کا فراڈ کیا (فوٹو: کراچی پولیس)
پولیس نے کراچی میں خود کو فضائیہ کا افسر ظاہر کر کے فراڈ کرنے والے ایک شخص کو حراست میں لے لیا۔
کورنگی کے علاقے زمان ٹاؤن کی پولیس نے سعدی ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا جس کے خلاف کورنگ میں دھوکہ دہی کا مقدمہ درج تھا۔
ایس ایس پی کورنگی حسن سردار کے مطابق ’ملزم کا نام ذیشان ہے جو خود کو ایئر فورس کا ونگ کمانڈر ظاہر کر کے لوگوں کو دھوکہ دے رہا تھا۔‘
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم امیر گھرانوں کی لڑکیوں کے ساتھ شادی کرتا تھا اور پھر کاروبار کے نام پر پیسے لے کر فراڈ کرتا تھا۔
’ملزم اب تک امیر خاندانوں کی تین خواتین سے شادی کر چکا ہے اور کروڑوں روپے ہڑپ کر چکا ہے۔‘
ملزم ذیشان کے خلاف مقدمہ درج کرانے والے شخص نے پولیس کو بتایا کہ اس نے خود کو سرکاری ادارے کا افسر ظاہر کر کے خاندان سے تعلق جوڑا اور والدہ سے بہلا پھسلا کر شادی کر لی اور پھر کروڑوں روپے لے اڑا۔
مدعی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملزم نے والدہ کے پیسوں سے گاڑی خریدی جو بعد میں بغیر بتائے اپنے نام ٹرانسفر کی اور گاڑی بھی ساتھ لے گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے دوران تفتیش تین شادیاں کرنے کا اعتراف کیا ہے اور یہ بھی بتایا کہ سرکاری ٹھیکے دلوانے کے نام پر بھی کئی لوگوں سے پیسے ہتھیائے۔
ملزم کے قبضے سے جعلی دستاویزات بھی برآمد ہوئی ہیں اور اس کے مزید ساتھیوں کی تلاش جاری ہے اور کریمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔

شیئر: