جہاز پل سے کیوں ٹکرایا؟ بلیک باکس کی ریکارڈنگز سامنے آ گئیں
جہاز پل سے کیوں ٹکرایا؟ بلیک باکس کی ریکارڈنگز سامنے آ گئیں
جمعرات 28 مارچ 2024 10:55
امریکہ کے شہر بالٹی مور میں پل سے ٹکرانے والے بحری جہاز کے بلیک باکس کے ڈیٹا سے پتہ چلتا ہے کہ ٹکرانے سے چند منٹ قبل کپتان نے مدد طلب کی تھی۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق فیڈرل سیفٹی حکام نے بلیک باکس کی آڈیو ریکارڈنگز کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ریڈیو کے ذریعے مدد مانگنے سے چند قبل انہوں نے بجلی کی بندش کی اطلاع بھی دی تھی۔
نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ 1976 میں تعمیر ہونے والے پل کے پھیلاؤ کے حساب سے ضروری چیزوں کی بھی کمی تھی جن کی وجہ سے اس کے منہدم ہونے کے خطرات بھی بڑھ گئے تھے۔
پل کے حوالے سے یہ نئے انکشافات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایک روز قبل ہی سنگاپور کے جھنڈے والا کارگو جہاز بالٹی مور سے سری لنکا کے لیے روانہ ہوا تھا اور بجلی بند ہونے کے باعث پل کے ستون سے ٹکرا گیا تھا۔
جہاز کے ٹکراتے ہی پل کا بیشتر حصہ دریا میں گرتا چلا گیا اور پل پر موجود گاڑیاں بھی دریا میں گر گئیں جبکہ پل پر کام کرنے والے چند مزدور بھی پانی میں گرے جن میں سے چند کو امدادی ٹیموں نے بچا لیا تاہم چھ افراد کا کچھ پتہ نہ چل سکا۔
بدھ کو تقریباً 20 گھنٹے کے بعد ان افراد کو مردہ قرار دے دیا گیا تھا۔
پل گرنے سے جہاں اوپر سے گزرنے والی ٹریفک کا راستہ بند ہوا وہیں پل کے نیچے سے گزرنے والے جہازوں کا روٹ بھی بند ہو گیا ہے کیونکہ پل کا ملبہ ابھی تک نہیں ہٹایا جا سکا جبکہ متاثرہ جہاز بھی وہیں موجود ہے۔
مطابق فیڈرل سیفٹی حکام نے یہ بھی بتایا کہ غوطہ خور دریا میں گر جانے والے دو مزدوروں کی لاشیں ڈھونڈنے میں کامیاب ہو گئے ہیں، جو حادثے کے نتیجے میں لاپتہ ہو گئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ بندرگاہ کے قریب دور تک پھیلے ملبے اور خراب صورت حال کے باعث مزید لاشوں کی تلاش کا کام معطل کر دیا گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہدور سے لی جانے والی تصویروں سے پتہ چلتا ہے کہ دریا میں گرنے والی گاڑیاں ملبے کے نیچے پھنسی ہیں جن تک پہنچنا خاصا مشکل ہو گا۔
جن دو افراد کی لاشیں ملی ہیں، میں سے ایک کی شناخت الجندرو ہرنینڈز کے نام سے ہوئی ہے اور ان کی عمر 35 سال ہے، ان کا تعلق میکسیکو سے تھا تاہم وہ بالٹی مور میں ہی رہتے تھے۔
اسی طرح دوسرے شخص کا نام ڈورلین رونیل کسیٹیلو ہے ان کی عمر 26 سال بتائی گئی ہے جو گوئٹے مالا سے تعلق رکھتے تھے۔
مزید چار افراد ابھی تک لاپتہ ہیں تاہم ان کو مردہ قرار دیا جا چکا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان میں سے دو افراد کا تعلق دوسرے ممالک سے ہے۔
امدادی ٹیمیں دو مزدوروں کو بچانے میں کامیاب رہی تھیں جن میں سے ایک ہسپتال میں ہے۔
امریکہ کے ٹرانسپورٹیشن سیکریٹری پیٹ بوٹیٹیج کا کہنا ہے کہ آٹھ ہزار ملازمتوں کا تعلق براہ راست پورٹ کے معاملات سے ہے جہاں سے روزانہ دو ملین ڈالر کے قریب اجرتیں جاری ہوتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ روٹ کی بندش سے امریکہ میں سامان کی سپلائی چین متاثر ہو گی جس کا نتیجہ قیمتیں بڑھنے کی شکل میں سامنے آئے گی۔