مکہ اور مدینہ میں رمضان سیزن کے دوران 40 کیوبک میٹر پانی کی فراہمی
رمضان سیزن میں پانی کے 46 ہزار لیبارٹری ٹیسٹ کیے گئے (فائل: فوٹو سبق)
سعودی عرب کی نیشنل واٹر کمپنی نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں اس سال رمضان سیزن کے دوران 40.2 ملین کیوبک میٹر پانی فراہم کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق کمپنی نے پانی کی فراہمی اور انتظام کے لیے آپریشنل اور تکنیکی منصوبے کی کامیابی کا اعلان کیا ہے۔
رمضان سیزن کےدوران مکہ میں 22 ملین کیوبک میٹر اور مدینہ میں 18.2 ملین کیوبک میٹر پانی فرہم کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ’رمضان سیزن کے لیے آپریشنل پلان کی کامیابی ابتدائی منصوبہ بندی اور تیاری کا نتیجہ ہے جس کا مقصد رہائشیوں اور زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کی سطح اور معیار کو برقرار رکھنا ہے‘۔
واٹر نیٹ ورکس کے ذریعے پانی کی پمپنگ اب روزانہ 21 گھنٹے کی جاتی ہے جبکہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں مسلسل 24 گھنٹے پانی فراہم کیا جاتا ہے۔
علاوہ ازیں پانی کے معیار کو جانچنے کے لیے کوالٹی کنٹرول یونٹس نے پانی کے نمونے حاصل کیے۔ مکہ اور مدینہ کی لیبارٹریوں میں ان کی جانچ کے لیے مسلسل کام کیا گیا تاکہ زائرین کو بہترین خدمات فراہم کی جا سکیں۔
بیان میں کہا گیا کہ’ رمضان سیزن میں پانی کے 46 ہزار لیبارٹری ٹیسٹ کیے گئے جن میں مکہ میں 30 ہزار اور مدینہ منورہ میں 16 ہزار500 ٹیسٹ شامل ہیں‘۔