اداکار سلمان خان کے گھر کے باہر نامعلوم موٹر سائیکل سوار کی فائرنگ
اداکار سلمان خان کے گھر کے باہر نامعلوم موٹر سائیکل سوار کی فائرنگ
اتوار 14 اپریل 2024 7:39
گیگنسٹر لارنس بشنوئی سلمان خان کو قتل کرنے کی کوشش کا اعتراف کر چکے ہیں (فوٹو: انڈیا ٹوڈے)
انڈین شہر ممبئی میں بالی وڈ اداکار سلمان خان کے گھر کے باہر گولیاں چلنے کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ اتوار کی صبح پانچ بجے کے قریب ہوا۔ ’ایک نامعلوم موٹر سائیکل سوار نے اداکار کے گھر کے باہر بڑی تعداد میں گولیاں چلائیں اور فرار ہو گیا۔‘
واقعے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور فائرنگ کرنے والے شخص کو تلاش کیا جا رہا ہے۔
پچھلے برس نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ سلمان خان جیل میں قید گینگسٹر لارنس بشنوئی کی گینگ کے 10 بڑے اہداف میں شامل ہیں۔
این آئی اے کے مطابق بشنوئی گینگ اداکار کو قتل کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور اس کی وجہ اداکار کی جانب سے 1998 میں کیا جانے والا کالے ہرن کا شکار ہے، جس پر بشنوئی کمیونٹی برہم ہوئی تھی۔
لارنس بشنوئی نے کچھ عرصہ قبل انکشاف کیا تھا کہ سمپت نہرا نامی شخص کو اداکار کو نشانہ بنانے کے لیے بھیجا گیا تھا جس نے ان کے گھر کی نگرانی بھی کی تھی اور منصوبے پر عمل سے قبل پولیس کی نظر میں آ گیا تھا اور اس کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔
پچھلے برس 11 اپریل کو بھی اداکار کو دھمکی دی گئی تھی جس کے بعد سلمان خان کے گھر کی سکیورٹی کو بڑھاتے ہوئے وائے پلس کا سٹیٹس دے دیا گیا تھا۔
ان کو مبینہ طور پر برطانیہ میں مقیم ایک انڈین طالب علم کی جانب سے دھمکی آمیز ای میل بھیجی گئی تھی، جس کے بعد اس کے خلاف لُک آؤٹ سرکلر بھی جاری کیا گیا تھا۔
اسی طرح ایک دھمکی آمیز خط سلمان خان کے والد کو بھی اس وقت دیا گیا تھا جب وہ ایک پارک میں واک کر رہے تھے۔
27 جون 2023 کو کینیڈا میں مقیم گینگسٹر گولڈی برار نے بھی سلمان خان کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ انہیں ہر حال میں نشانہ بنائیں گے۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق گینگسٹر گولڈی برار نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا تھا کہ ’ہم نے گلوکار سدھو موسے والا کو مارا اور اب ہر حال میں سلمان خان کو نشانہ بنائیں گے۔
پچھلے کچھ عرصے کے دوران سلمان خان کو جان سے مارنے کی متعدد دھمکیاں مل چکی ہیں جن میں کچھ خطوط اور کچھ فون کے ذریعے دی گئیں جس کے بعد ممبئی پولیس نے ان کی سکیورٹی بڑھا دی ہے اور سلمان خان کے گھر کے باہر بھی پہرا لگا دیا گیا ہے۔
گولڈی برار کا کہنا تھا کہ ’سلمان خان کو قتل میری زندگی کا سب سے بڑا مشن اور مقصد ہے۔‘
انہوں نے لارنس بشنوئی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ’بھائی صاحب کا کہنا ہے کہ وہ ان (سلمان خان) کو معافی نہیں دیں گے۔‘