سعودی وفد کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں: عمر ایوب
سعودی وزیر خارجہ کی صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں ہوئیں (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان کی قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ ’ہم پاکستان آنے والے سعودی وفد کو اھلاً و سہلاً اور خوش آمدید کہتے ہیں۔‘
عمر ایوب خان نے منگل کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے آ رہے ہیں۔ ہم بحیثیت پارٹی اور بحیثت اپوزیشن اس پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے یہاں آںے کے لیے ضروری ہے کہ ہم یہاں قانون کی بالادستی قائم کریں۔‘
پیر کی شام سعودی عرب کے وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے جہاں ان کا وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے استقبال کیا تھا۔
منگل کو سعودی وزیر خارجہ کی صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں ہوئیں۔
ان ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون و سرمایہ کاری، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی وفد میں سعودی نائب وزیرِ برائے سرمایہ کاری انجینئیر ابراہیم بن یوسف المبارک، سعودی وزیر برائے ماحولیات، آبی وسائل و زراعت انجینیئر عبدالرحمن عبدالمحسن الفضلی، سعودی وزیرِ صنعت و معدنی وسائل انجینیئر بندر بن ابراہیم بن عبداللہ آلخریف اور اعلی سعودی حکام و سفارتی اہلکار شامل تھے۔
وزیرِاعظم نے وفد کا پاکستان آمد پر خیرمقدم کیا اور سعودی قیادت، خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دیرینہ اور بے مثال برادرانہ تعلقات ہیں۔ سعودی عرب نے مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا۔‘