سعودی ایئرپورٹس پر مسافروں کی تعداد میں غیرمعمولی اضافہ ریکارڈ
2023 میں 8 لاکھ 15 ہزار پروازیں مملکت کے ایئرپورٹس پرآئیں (فوٹو: اخبار24)
سعودی عرب میں فضائی مسافروں کی تعداد میں گزشتہ برس غیرمعمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سال 2023 کے دوران 112 ملین مسافروں نے مملکت کے ایئرپورٹس سے سفری سہولت حاصل کی۔
سبق نیوز کے مطابق سول ایوی ایشن کی سروے رپورٹ میں بتایا گی ہے کہ ’سال 2023 میں مسافروں کی تعداد میں ہونے والا اضافہ سال 2022 کے مقابلے میں 26 فیصد رہا۔ کورونا وبا کے بعد مملکت میں فضائی شعبے میں بہتری آئی ہے۔‘
سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری اعداد وشمار میں مزید کہا گیا کہ ’گزشتہ برس 2023 میں 8 لاکھ 15 ہزار پروازیں مملکت کے ایئرپورٹس پر آئیں۔ یہ تعداد سال 2022 کے مقابلے میں 16 فیصد زیادہ ہے۔‘
پچھلے برس انٹرنیشنل مسافروں کی تعداد 61 ملین جبکہ بین الاقوامی پروازوں کی تعداد 3 لاکھ 94 ہزار رہی۔
کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ مملکت کے مصروف ترین ایئرپورٹس میں سرفہرست رہا، جہاں فی گھنٹہ 30 پروازوں کی آمد ورفت ریکارڈ کی گئی۔
دوسرے نمبر پر ریاض کا کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ رہا، جہاں فی گھنٹہ 27 پروازوں کی آمد ورفت ریکارڈ کی گئی۔
کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ تیسرے نمبر پررہا جہاں ایک گھنٹے میں 11 پروازوں کی آمد ورفت رہی۔
پچھلے برس 2023 میں اندرون مملکت پروازوں کی تعداد میں بھی غیرمعمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ برس ڈومیسٹک مسافروں کی تعداد 51 ملین اورپروازوں کی تعداد 4 لاکھ 21 ہزار رہی۔