Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلائی دبئی نے ایران کے لیے پروازیں معطل کر دیں: بیان

تہران ایئرپورٹ بند ہونے کی وجہ فلائی دبئی کی پرواز دبئی واپس موڑ دی گئی۔ (فوٹو: روئٹرز)
ایمرٹس ایئر لائن نے کہا ہے کہ عالمی معیاری وقت کے مطابق آج رات 12 تک دبئی کے راستے دیگر ممالک کا سفر کرنے والے تمام مسافروں کے لیے فلائٹس چیک ان کو معطل کیا جا رہا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ایمریٹس جو دنیا کی چند بڑی بین الاقوامی ایئر لائنز میں سے ایک ہے، کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ مسافر دبئی آ سکتے ہیں اور معمول کے مطابق سفر کر سکتے ہیں۔
جمعے کو مقامی ریڈیو سٹیشن دبئی آئی کو دبئی ایئرپورٹس کے چیف ایگزیکٹیو پال گرفتھس نے بتایا کہ رواں ہفتے ہزاروں مسافر پروازوں کی معطلی کے باعث متاثر ہوئے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق جمعرات کو دبئی ایئرپورٹس کے چیف آپریٹنگ آفیسر ماجد الجوکر نے کہا تھا کہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ 24 گھنٹوں کے اندر معمول کے مطابق کام شروع کردے گا۔
دوسری جانب فلائی دبئی ایئر لائن نے ایک سرکاری الرٹ موصول ہونے کے بعد جمعے کو ایران کے لیے پروازیں معطل کر دی ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کہ فضائی مشنز کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آج ایران کے لیے پروازیں معطل کر دی گئی ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فلائی دبئی کی ایک پرواز جو تہران کے لیے روانہ ہو چکی تھی، ایئرپورٹ بند ہونے کی وجہ سے دبئی واپس موڑ دی گئی۔
ایران کے سرکاری میڈیا نے صوبہ اصفہان میں دھماکوں کی اطلاع دی تھی جس کے بعد ایران کے مختلف حصوں میں پروازیں معطل کر دی گئیں۔
فلائٹ ٹریکنگ سوفٹ ویئر کے مطابق کمرشل پروازیں اصفہان سمیت مغربی ایران کی فضائی حدود سے گریز کر رہی ہیں۔
شدید بارشوں کی وجہ سے رواں ہفتے ایمریٹس اور فلائی دبئی کو خدمات مہیا کرنے میں شدید رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑا۔
بارشوں کے سبب دبئی ایئرپورٹ پر ایک ہزار سے زیادہ پروازیں معطل ہوئیں۔

شیئر: