Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حماس کے مسلح ونگ القسام بریگیڈ کا ’تمام محاذوں پر‘ کشیدگی بڑھانے کا مطالبہ

ویڈیو پیغام میں ابو عبیدہ نے 13 اپریل کو اسرائیل پر ایران کے حملے کو سراہا (فوٹو:اے ایف پی)
حماس کے مسلح ونگ القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے غزہ میں اسرائیل اور حماس جنگ کے 200 دن مکمل ہونے پر تمام محاذوں پر کشیدگی بڑھانے پر زور دیا ہے
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق منگل کو الجزیرہ ٹی وی سے نشر ہونے والی ایک ویڈیو میں ابو عبیدہ نے 13 اپریل کو اسرائیل پر ایران کے حملے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’دھماکہ خیز ڈرون اور میزائلوں سے براہ راست حملوں نے نئے اصولوں اور اہم تناظرات کو جنم دیا اور دشمن اور وہ جو اس کے پیچھے ہیں انہیں تذبذب کا شکار کر دیا۔‘
انہوں نے مغربی کنارے اور اُردن کو ’سب سے اہم عرب محاذوں میں سے ایک‘ قرار دیتے ہوئے کشیدگی میں اضافے پر بھی زور دیا۔
دو علاقائی سیکورٹی ذرائع نے 13 اپریل کو بتایا تھا کہ اردن، جو ایران اور اسرائیل کے درمیان واقع ہے، نے درجنوں ایرانی ڈرونز کو مار گرایا جو اس کی فضائی حدود میں داخل ہوئے اور اسرائیل کی طرف جا رہے تھے۔
القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے کہا کہ ’ہم اردنی عوام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنے اقدامات کو تیز کریں اور اپنی آواز بلند کریں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جنگ بندی کے لیے جاری مذاکرات میں حماس اپنے مطالبات پر قائم ہے:اسرائیل اپنا فوجی حملہ ختم کرے، غزہ سے افواج کو نکالے، بے گھر افراد کو شمالی غزہ واپس جانے کی اجازت دے اور ناکہ بندی ختم کرے۔‘
ابو عبیدہ کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل یرغمالیوں کے تبادلے کے معاہدے تک پہنچنے میں خلل ڈال رہا ہے اور ثالثوں کی طرف سے جنگ بندی کا معاہدہ طے پانے کی کاوشوں میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔

ابو عبیدہ نے کہا کہ ’دھماکہ خیز ڈرون اور میزائلوں سے براہ راست حملوں نے دشمن کو تذبذب کا شکار کر دیا۔‘ (فوٹو: روئٹرز)

قطر اور مصر غزہ میں جنگ بندی کے لیے ثالثی کی کوشش کر رہے ہیں تاہم قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے منگل کو کہا کہ تمام متعلقہ فریقین کو ان کوششوں کو کامیاب ہونے دینے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ اس جنگ میں حماس کو ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے جو اس علاقے پر قابض ہے۔ اس جنگ میں اب تک 34 ہزار سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔
جنگ کا آغاز اُس وقت ہوا جب عسکریت پسند گروپ حماس نے سات اکتوبر کو اسرائیل پر حملہ کیا تھا جس میں 1200 افراد ہلاک جبکہ 253 کو یرغمال بنایا گیا تھا۔

شیئر: