عالمی اقتصادی فورم کا اجلاس، وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب پہنچ گئے
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سنیچر کی شام سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچ گئے جہاں وہ عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر سعودی نائب وزیر خارجہ انجینیئر ولید بن عبدالکریم الخریجی نے ان کا خیرمقدم کیا۔ مملکت میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق اور پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی بھی موجود تھے۔
قبل ازیں سنیچر کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا تھا وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور عالمی اقتصادی فورم کے بانی اور ایگزیکٹیو چیئرمین کلاؤس شویب کی دعوت پر اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔
عالمی تعاون، ترقی اور توانائی کے حوالے سے ہونے والا اجلاس 28 اپریل سے 29 اپریل تک منعقد ہو گا۔
وزیراعظم کے ہمراہ ایک اعلٰی سطح کا وفد بھی ہے جس میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بھی شامل ہیں۔
وزیراعظم اور وفاقی وزرا عالمی اقتصادی فورم کے ان مباحثوں میں شریک ہوں گے جن میں سرمایہ کاری کے نئے فریم ورک، سپلائی چینز کی تجدید، پائیدار ترقی اور توانائی سے متعلق مشاورت کی جائے گی۔
بیان کے مطابق عالمی فورم میں اعلٰی سطح کے وفد کی شرکت سے پاکستان کو اہم موقع ملے گا کہ وہ اپنی ترجیحات، جامع ترقی، عالمی تعاون کو بڑھانے، توانائی کی پیداوار و تصرف کے درمیان توازن پیدا کرنے اور خاص طور پر عالمی طور پر صحت کے حوالے سے اپنے نکات کو پیش کرے۔
مرکزی تقریب کے موقع پر وزیراعظم اور ان کے ساتھ جانے والا وفد عالمی رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں کرے گا، جن میں سعودی قیادت، بین الاقوامی اداروں کے سربراہان اور اجلاس میں شرکت کرنے والی دیگر اہم شخصیات شامل ہوں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف چار مئی کو گیمبیا میں او آئی سی کے زیر اہتمام ہونے والی اسلامی سربراہی کانفرنس کے 15ویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ کے مطابق ’اسلامی سربراہی کانفرنس کے اجلاس میں وزیراعظم غزہ میں نسل کشی، مسئلہ کشمیر، اسلاموفوبیا، دہشت گردی اور دیگر عالمی چلینجز پر بات کریں گے۔‘
ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف اسلامی ممالک کے سربراہوں سے بھی ملاقات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ دو اور تین مئی کو او آئی سی کے وزرائے خارجہ کا اجلاس بھی ہو گا جس میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار شرکت کریں گے۔