Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وائٹ ہاؤس کے بیرونی گیٹ سے گاڑی کی ٹکر، ڈرائیور ہلاک

رواں برس جنوری میں بھی حکام نے ایک شخص کو وائٹ ہاؤس کے اسی کمپلیکس کے بیرونی گیٹ سے گاڑی ٹکرانے پر حراست میں لیا تھا۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
امریکہ کی قانون نافذ کرنے والی وفاقی ایجنسی سیکرٹ سروس نے کہا ہے کہ سنیچر کو رات دیر گئے وائٹ ہاؤس کے بیرونی گیٹ سے ایک گاڑی ٹکرانے کے بعد اس کے ڈرائیور کی موت ہو گئی۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سیکرٹ سروس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک بیان میں کہا کہ ’رات 10:30 بجے (امریکی وقت کے مطابق) سے کچھ دیر قبل ایک تیز رفتار گاڑی وائٹ ہاؤس کمپلیکس کے ایک بیرونی گیٹ سے ٹکرا گئی۔‘
تاہم سیکرٹ سروس نے یہ بھی کہا کہ وائٹ ہاؤس کو کوئی ’خطرہ نہیں‘ تھا۔
بیان کے مطابق جائے وقوعہ پر پہنچنے والے افسران نے ’ڈرائیور کو مدد فراہم کرنے کی کوشش کی لیکن وہ مر چکا تھا۔‘
سیکریٹ سروس کے ترجمان انتھونی گگلیلمی کے مطابق سیکرٹ سروس نے پولیس اور ڈسٹرکٹ آف کولمبیا کے فائر ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر اس مہلک حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
رواں برس جنوری میں بھی حکام نے ایک شخص کو وائٹ ہاؤس کے اسی کمپلیکس کے بیرونی گیٹ سے گاڑی ٹکرانے پر حراست میں لیا تھا۔
حالیہ برسوں میں وائٹ ہاؤس میں غیرقانونی طور پر داخل ہونے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ اس کی وجہ سے سنہ 2020 میں اس کے اردگرد زیادہ بلند اور سخت دھار سے بنی باڑ لگائی گئی۔

شیئر: