برازیل میں طوفانی بارشیں اور سیلاب، تباہی کے فضائی مناظر
برازیلی حکام نے پیر کو کہا ہے کہ جنوبی ریاست ریو گرانڈے ڈو سل میں طوفانی بارشوں سے کم از کم 83 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جبکہ 100 سے زائد افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سول ڈیفنس اتھارٹی نے کہا ہے کہ طوفان نے ریاست کے تقریباً 500 شہروں میں سے دو تہائی کو متاثر کیا ہے۔ اس سے ایک لاکھ 22 ہزار افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔
طوفان سے آنے والے سیلاب نے کئی شہروں میں سڑکیں اور پل تباہ کر دیے ہیں، جبکہ کئی مقامات پر مٹی کے تودے گرے ہیں اور ایک چھوٹے پن بجلی گھر کا ڈیم بھی جزوی طور پر تباہ ہو گیا ہے۔
ریاست کے گورنر ایڈورڈو لیٹی کے مطابق ریسکیو ورکرز مزید علاقوں تک جا رہے ہیں، ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔
سول ڈیفنس حکام نے کہا ہے کہ 111 افراد ابھی بھی لاپتہ ہیں، یہ تعداد گذشتہ کچھ دنوں سے بڑھ رہی ہے۔ اتوار کی شام تک 78 افراد کی ہلاکت اور 105 کے لاپتہ ہونے کا بتایا گیا تھا۔
برازیل کے صدر لولا دا سیلوا نے اتوار کو اپنی کابینہ کے بیشتر ارکان کے ساتھ ریو گرانڈے ڈو سل کا دورہ کیا، اور کہا کہ تعمیرِنو عمل میں دفتری عوامل رکاوٹ نہیں بنیں گے۔