Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شدید گرمی میں کون سے کھانے جسم کی سوزش کو ختم کر سکتے ہیں؟

لہسن میں ایلیسین جیسے سلفر کمپاؤنڈز پائے جاتے ہیں جن میں سوزش کش خصوصیات موجود ہوتی ہیں (فوٹو: فری پِک)
سوزش انسانی جسم کی جانب سے چوٹ یا زخم کے نتیجے میں ملنے والا قدرتی ردعمل ہے۔
گرمیوں کے موسم میں زیادہ درجہ حرارت کے باعث جسم میں سوزش کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جس کی وجہ سے ڈی ہائیڈریشن، سن برن اور جسمانی بیماریوں جیسے سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اسی سلسلے میں ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی نے کھانے کی ایسی چیزیں بتائی ہیں جنہیں کھا کر ہم گرمیوں کے موسم میں سوزش کو کم کر سکتے ہیں۔
بیریز
بیریز میں اینتھوسیاننز جیسے اینٹی آکسیڈنٹس بھرپور مقدار میں پائے جاتے ہیں جن سے آکسیڈیٹیو سٹریس اور سوزش میں کمی آتی ہے اور فری ریڈیکلز نیٹورل ہوتے ہیں۔
سبز پتے
سبز پتوں میں وٹامن اے، سی اور کے سمیت پولی فینولز اور فیلیوونوئڈز پائے  جاتے ہیں جن میں طاقتور سوزش کش خصوصیات پائی جاتی ہیں۔ سبز پتوں کو سلاد کی صورت میں یا زیتون کے تیل اور لہسن میں ہلکی آنچ پر بنا کر کھایا جا سکتا ہے۔
فیٹی فِش
فیٹی فش یعنی چربی سے بھرپور مچھلیوں میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈ بڑی مقدار میں پایا جاتا ہے جس کی وجہ سے سائیٹوکائنز جیسے سوزش پیدا کرنے والے مولیکیوئلز کی پیداوار کم ہوتی ہے۔
ہلدی
ہلدی میں کرکیومن جیسا طاقتور سوزش کش کمپاؤنڈ پایا جاتا ہے جس کی وجہ سے سوزش پیدا کرنے والے مولیکیوئلز کی پیداوار رکتی ہے۔ ہلدی کو اپنے سالن، سُوپ یا سمودیز کا حصہ بنائیں۔
 

ہلدی کو اپنے سالن، سُوپ یا سموتھیز کا حصہ بنائیں (فوٹو: فری پِک)

خشک میوہ جات
خشک میوہ جات میں فیٹس، فائبر اور وٹامن ای جیسے اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں جن کی وجہ سے سوزش میں کمی آتی ہے اور دل کی صحت مضبوط رہتی ہے۔ خشک میوہ جات کو سلاد وغیرہ کا حصہ بنا کر کھائیں۔
زیتون کا تیل
زیتون کے تیل میں اولیوسینتھال نامی کمپاؤنڈ پایا جاتا ہے جس میں آئی بروفین جیسی سوزش کش خصوصیات پائی جاتی ہیں۔
ٹماٹر
ٹماٹروں میں لائیکوپین جیسے اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں جن کی وجہ سے سوزش میں کمی آتی ہے اور مخصوص امراض سے حفاظت ہوتی ہے۔ ٹماٹروں کو سالن میں ڈالنے یا سلاد کی صورت میں کھانے سے سوزش کے خلاف فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔
ادرک
ادرک میں جنجرول نامی کمپاؤنڈ ہوتا ہے جس کی وجہ سے سوزش پیدا کرنے والے کمپاؤنڈز کی پیداوار رکتی ہے۔ ادرک کو سمودیز، چائے وغیرہ کا حصہ بنایا جا سکتا ہے۔
لہسن
لہسن میں ایلیسین جیسے سلفر کمپاؤنڈز پائے جاتے ہیں جن میں سوزش کش خصوصیات موجود ہیں۔
سبز چائے
سبز چائے میں کیٹیچِنز جیسے فلیوونوئڈز پائے جاتے ہیں جن کی وجہ سے سوزش میں کمی آتی ہے اور خلیے ڈمیج ہونے سے بچ جاتے ہیں۔ سبز چائے کو باقاعدگی سے پینے سے سوزش میں کمی آتی ہے اور صحت بہتر رہتی ہے۔

شیئر: