Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایف آئی اے کی کارروائی، ’ریاست مخالف مواد‘ شیئر کرنے والے 2 ملزمان گرفتار

ملزمان کو روات اور گوجرخان سے گرفتار کیا گیا ہے۔ فوٹو: ایف آئی اے
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سوشل میڈیا پر ریاست مخالف مواد شیئر کرنے پر 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کی جانب سے بدھ کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گرفتار ملزمان مسلح افواج کے خلاف من گھڑت اور فرضی خبریں پھیلانے میں ملوث ہیں۔
بیان کے مطابق یاسر عرفات اور عرفان عباس نامی ملزمان نے سوشل میڈیا کے ذریعے انتشار پھیلانے کی کوشش کی۔
ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل راولپنڈی نے ملزمان کو روات اور گوجرخان کے علاقوں سے گرفتار کیا ہے۔
ایف آئی اے نے کہا ہے کہ ملزم عرفان عباس نے واٹس ایپ گروپس میں مسلح افواج کے اہلکاروں کے خلاف نفرت آمیز مواد شیئر کیے، ملزم کے موبائل فون سے نفرت آمیز پیغامات اور ترمیم شدہ ویڈیوز برآمد کر لی گئی ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کی جانب سے عوام میں خوف اور عدم تحفظ پیدا کرنے کی منظم کوشش کی گئی۔
ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ریاستی اداروں کے خلاف من گھڑت اور نفرت آمیز مواد شیئر کرنا قانونی جرم ہے، سوشل میڈیا کے ذریعے عوام میں خوف اور عدم تحفظ پھیلانے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا۔

شیئر: